سیاست میں آیا تو ن لیگ اور پی پی نے شمولیت کی دعوت دی تھی، وزیراعظم

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہےکہ سیاست میں آیا تو مسلم لیگ (ن) اور پیپلزپارٹی نے شمولیت کی دعوت دی تھی۔

وزیراعظم عمران خان نے کتاب کی تقریب رونمائی میں شرکت کی اور خطاب میں کہا کہ چار سال کی عمر میں لوگوں کو پانی میں دیکھا تو سمجھا گہرا نہیں ہوگا، مجھےسوئمنگ نہیں آتی تھی لیکن لوگوں کودیکھ کر پانی میں چھلانگ لگائی تھی۔

انہوں نے بتایا کہ چھلانگ لگانے کے بعدمیں پانی میں نیچے چلا گیا، اُس وقت میرے کزنز نے مجھے بچا لیا اور سوئمنگ سیکھی۔

وزیراعظم کا کہنا تھاکہ عالمی سیاست تھوڑی بہت سمجھتا تھا لیکن مقامی سیاست نہیں آتی تھی، سیاست میں سوئمنگ کی طرح ہی آیا، کچھ نہیں جانتا تھا اور سیاست بھی میں نے سوئمنگ کی طرح سیکھی۔

وزیراعظم کا کہنا تھاکہ سیاست میں آیا تو ن لیگ اور پی پی نے شمولیت کی دعوت دی، دونوں کی کرپشن جانتا تھا اس لیے اپنی الگ پارٹی بنائی اور کرپشن کے خلاف جدوجہد کا آغاز کیا، میں نے نوازشریف اورآصف زرداری کو چیلنج کیا۔

ان کا کہنا تھاکہ مجھے اللہ نے سب کچھ دیا، سیاست میں آنے کی ضرورت نہیں تھی لیکن ملک کے حالات دیکھ کر سیاست میں آیا اور ملک کیلئے جدوجہد کی۔

مزید خبریں :