دنیا
Time 30 اگست ، 2021

چین نے بچوں کی آن لائن گیمنگ کو ہفتے میں تین گھنٹے تک محدود کردیا

چین نے بچوں کی آن لائن گیمنگ کو ہفتے میں تین گھنٹے تک محدود کردیا  —چفوٹو:فائل
چین نے بچوں کی آن لائن گیمنگ کو ہفتے میں تین گھنٹے تک محدود کردیا  —چفوٹو:فائل 

چین نے پیر کے روز   بچوں کے آن لائن گیمنگ اوقات کو ہفتے میں محض تین گھنٹے  تک محدود کرنے کا اعلان کیا ہے۔

 گیمز کھیلنے کے یہ اوقات اسکولز کے کھلے ہونے پر لاگو ہوں گے جبکہ چھٹیوں میں بچوں کو زیادہ گیمز کھیلنے کا موقع دیا جائے گا۔

چینی خبر رساں ایجنسی کے مطابق  18 سال سے کم عمر گیمز کھیلنے والے بچوں کو صرف جمعہ ، ہفتہ اور اتوار کی رات 8:00 بجے سے رات 9:00 بجے تک آن لائن  گیمز کھیلنے کی اجازت ہوگی ۔

 یہ فیصلہ چین میں کم عمر بچوں میں آن لائن گیم کھیلنے کی عادت کو ختم کرنے کیلئے کیا گیا ہے۔

آن لائن گیمز  کھیلنے کے لیے رجسٹریشن کرتے وقت  گیمز کھیلنے والوں کو اپنے شناختی کارڈ استعمال کرنے کی ضرورت  ہوتی ہے تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ نابالغ اپنی عمر کے بارے میں جھوٹ نہ بولیں۔

اس کے علاوہ اسکول کی چھٹیوں پر   بچوں کو تھوڑے  زیادہ  وقت تک گیمز کھیلنے کی اجازت ہوگی اور اس کے اوقات ایک گھنٹہ یومیہ مختص کیے گئے ہیں۔

 چینی نیشنل پریس اینڈ پبلی کیشن ایڈمنسٹریشن نے ایک بیان میں کہا  ہے کہ گیمنگ کی عادت  نے پڑھائی اور عام زندگی کو متاثر کیا ہے  اور  اس وجہ سے بہت سے والدین مایوسی کا شکار ہیں۔

 اس کے علاوہ  گیمنگ کمپنیوں کو بھی مقررہ اوقات کے بعد  سروسز فراہم  کرنے سے منع کیا گیا ہے  جبکہ  بیان میں یہ واضح نہیں کیا گیا  کہ خلاف ورزی کرنے  والوں کو کس طرح کی سزا دی جائے گی۔

واضح  رہے کہ اس سے قبل چین میں  2019   سے  رات کو دیر تک گیمز کھیلنے پر پابندی تھی  جس کے تحت  گیمز کھیلنے والوں کو  عام دنوں میں صرف 90 منٹ جبکہ ویک اینڈ اور چھٹیوں میں 3 گھنٹے آن لائن گیمز کھیلنے   کی اجازت تھی۔

مزید خبریں :