دلیپ کمار کی اہلیہ سائرہ بانو آئی سی یو میں داخل

رواں برس جولائی میں انتقال کرنے والے لیجنڈ بھارتی اداکار دلیپ کمارکی اہلیہ سائرہ بانو کی بھی طبیعت اب خراب ہوگئی ہے اور وہ انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں داخل ہیں۔

بھارتی میڈیا رپوٹس کے مطابق سابق اداکارہ سائرہ بانو ممبئی کے اسپتال میں انتہائی نگہداشت کے وارڈ (آئی سی یو) میں داخل ہیں۔

77 سالہ سائرہ بانو کو سینے میں تکلیف کی وجہ سے اسپتال میں داخل کیاگیا تھا۔ دلیپ کمار کے خاندان کے قریبی دوست فیصل فاروقی کا کہنا ہے کہ سائرہ بانو کو سینے میں انفیکشن کی وجہ سے اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا اور ان کا علاج جاری ہے۔

فیصل فاروقی نے مزید کہا کہ گھبرانے کی کوئی بات نہیں، اللہ کا شکر ہے کہ اب ان کی حالت مستحکم ہے اور انہیں مکمل نگہداشت میں رکھا گیا ہے۔

فیصل نے کہا کہ دلیپ کمار کی موت کا گہرا اثر سائرہ بانو کی صحت پر ہوا ہے اور اپنے شوہر کے انتقال کے بعد وہ شدید ذہنی دباؤ میں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ فی الحال وہ آئی سی یو میں ہیں، ان کے کچھ ٹیسٹ لیے گئے ہیں اور مزید معائنے کیے جارہے ہیں۔

بعض میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا تھا کہ سائرہ بانو کو ہارٹ اٹیک کی وجہ سے اسپتال منتقل کیا گیا تاہم اب اس بات کی تردید فیصل فاروقی نے کی ہے اور کہا ہے کہ ’ہارٹ اٹیک نہیں تھا، چیسٹ کنجیشن کی وجہ سے اسپتال لایا گیا، ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ موسم کی تبدیلی کی وجہ سے ان کی حالت بگڑی۔ لوگ تو کچھ بھی بولیں گے، تین دن سے وہ اسپتال میں ہیں، انہیں کورونا بھی نہیں ہے، وہ فی الحال آرام کررہی ہیں۔‘

خیال رہے کہ سائرہ بانو کے خاوند لیجنڈ اداکار دلیپ کمار  رواں سال 7 جولائی کو انتقال کرگئے تھے۔

دلیپ کمار اور سائرہ بانو کی شادی 1966 میں ہوئی تھی اور ان دونوں کی کوئی اولاد نہیں ہے—فوٹو: فائل
دلیپ کمار اور سائرہ بانو کی شادی 1966 میں ہوئی تھی اور ان دونوں کی کوئی اولاد نہیں ہے—فوٹو: فائل

سائرہ بانو نے 1961 میں فلم جنگلی سے بالی وڈ میں قدم رکھے جس کے بعد انہوں نے پڑوسن، ہیرا پھیری، دیوانہ اور امن جیسی فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔

دلیپ کمار اور سائرہ بانو کی شادی 1966 میں ہوئی تھی اور ان دونوں کی کوئی اولاد نہیں ہے۔

مزید خبریں :