کھیل
Time 08 ستمبر ، 2021

شاہد آفریدی کا متوقع چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ کو مشورہ

ٹیم کے انتخاب میں سلیکشن کمیٹی کا بڑا کردار ہوتا ہے: سابق کپتان/ فائل فوٹو
 ٹیم کے انتخاب میں سلیکشن کمیٹی کا بڑا کردار ہوتا ہے: سابق کپتان/ فائل فوٹو

واشنگٹن: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے متوقع چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ کو مشورہ دیا کہ وہ مخلص اور پیشہ ور لوگوں کو قریب کریں۔

شاہد آفریدی  نے  واشنگٹن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے لیے منتخب ٹیم حیران کن ہے، 2 سے 3  کھلاڑیوں کا نہ ہونا اور کچھ کھلاڑیوں کا ہونا ضروری تھا، ٹیم کے انتخاب میں سلیکشن کمیٹی کا بڑا کردار ہوتا ہے۔

انھوں نے مزید کہا کہ اُ مید ہے رمیز راجہ کے آنے سے کچھ بہتری آئے گی  کیونکہ وہ ایک عرصے سے کرکٹ کے قریب ہیں لیکن  کام رمیز بھائی نے نہیں ان کی ٹیم نے کرنا ہے اس لیے رمیز بھائی کو مشورہ ہے مخلص اور پیشہ ور لوگوں کو قریب کریں۔

اس موقع پر صحافی نے سوال کیا کہ اگر آپ کو بورڈ نے کوئی پیشکش کی تو قبول کریں گے؟ اس پر شاہد آفریدی نے کہا کہ ابھی فلاحی کاموں میں مصروف ہوں آگے کی آگے دیکھیں گے۔