کاروبار
Time 10 ستمبر ، 2021

وفاقی حکومت نے سستی مقامی چینی چھوڑ کر مہنگی چینی خرید لی

وفاقی حکومت نے سستی مقامی چینی چھوڑ کر مہنگی چینی خرید لی۔

ذرائع کے مطابق حکومت نے مہنگی ترین درآمدی چینی کے سودے کیے ہیں اور چینی کیلئے 637.10 ڈالر فی ٹن کی کم سےکم بولی منظور کرلی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ درآمدی چینی پورٹ پر108روپے 85 پیسے فی کلو میں پڑےگی جبکہ اخراجات ملاکریوٹیلٹی اسٹورز کو چینی تقریباً 123 روپےکلو میں پڑے گی۔

ذرائع کے مطابق ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان نے 2 لاکھ میٹرک ٹن چینی کے سودے کیے اور یہ چینی الخلیج گروپ سے خریدی گئی ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ درآمدی چینی کی پہلی کھیپ 20 سے 24 ستمبر تک پاکستان پہنچے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹی سی پی نے 2 لاکھ ٹن چینی کے ٹینڈر کے تحت بولیاں طلب کی تھیں، یہ چینی یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن کیلئے درآمد کی جارہی ہے۔

ذرائع کے مطابق چینی کی مہنگی بولی موصول ہونے پر ٹی سی پی نے وفاق کو آگاہ کیا تھا لیکن وزرات صنعت و پیداوار نے موصول شدہ بولی پر چینی خریدنے کا کہا۔

ذرائع نے بتایا کہ چینی کی دوسری بولی647 ڈالر فی میٹرک ٹن موصول ہوئی تھی۔

ذرائع کے مطابق گزشتہ ایک لاکھ ٹن چینی کی لینڈڈ کاسٹ 89.26 روپے فی کلو پڑی تھی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت نے سستی مقامی چینی کے مقابلے میں تقریباً 38 روپے فی کلو مہنگی چینی کاسوداکیا۔

مقامی چینی 84.50 روپے فی کلو پڑتی لیکن درآمدی چینی 123 روپے فی کلو پڑے گی۔

مزید خبریں :