دنیا
Time 14 ستمبر ، 2021

روسی صدر نے عملےکےکورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر خود کو قرنطینہ کرلیا

اس حوالے سے روسی صدارتی آفس کریملن کا کہنا ہےکہ صدر پیوٹن بالکل صحت مند ہیں،فوٹو: فائل
اس حوالے سے روسی صدارتی آفس کریملن کا کہنا ہےکہ صدر پیوٹن بالکل صحت مند ہیں،فوٹو: فائل

روسی صدر ولادی میر پیوٹن نے اپنے عملے میں شامل متعدد افراد کے کورونا وائرس سے متاثر ہونےکے بعد خود ساختہ تنہائی (سیلف آئیسولیشن) اختیار کرلی۔

برطانوی خبر ایجنسی کے مطابق پیوٹن نے منگل کو ایک سرکاری میٹنگ میں بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کے دوران کہا کہ ان کے عملے میں شامل متعدد افراد کورونا میں مبتلا ہوگئے ہیں جس کے باعث وہ آئیسولیشن اختیار کر رہے ہیں۔

پیوٹن کے مطابق کورونا سے متاثرہ افراد میں ایک شخص ان کے انتہائی قریب تھا اور وہ گذشتہ دنوں دیگر متاثرہ افراد سے بھی رابطے میں رہا تھا۔

اس حوالے سے روسی صدارتی آفس کریملن کا کہنا ہےکہ صدر پیوٹن بالکل صحت مند ہیں اور وہ  وائرس کا شکار نہیں ہوئے، انہوں نے احتیاطی طور پر خود ساختہ تنہائی اختیار کی ہے۔

خیال رہے کہ 68 سالہ پیوٹن کورونا کی روسی ویکسین سپوتنک V کی دوخوراکیں بھی لگواچکے ہیں۔

پیوٹن کا کہنا تھا کہ یہ ایک قدرتی تجربہ ہے، اب دیکھتے ہیں کہ سپوتنک ویکسین عملی طور پر کیسے کام کرتی ہے، میری اینٹی باڈیز کی سطح کافی بلند ہے، امید ہے سب ویسے ہی ٹھیک ہوگا جیسے کہ ہونا چاہیے۔

رپورٹ کے مطابق پیوٹن رواں ہفتے تاجکستان کا اہم دورہ نہیں کریں گے، جہاں افغانستان کے معاملے پر علاقائی سلامتی کے اجلاس ہونے ہیں، اب روسی صدر علاقائی سلامتی کے اجلاسوں میں ویڈیو کانفرنس کے ذریعے حصہ لیں گے۔

مزید خبریں :