پاکستان
Time 14 ستمبر ، 2021

آرمی چیف کا پنوں عاقل کا دورہ، آپریشنل تیاریوں پر بریفنگ دی گئی

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پنوں عاقل کا دورہ کیا، آرمی چیف کو  فیلڈ میں ڈیزرٹ فارمیشن کی آپریشنل تیاریوں پر بریفنگ دی گئی۔

انٹرسروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف نے فیلڈ فائرنگ رینجز صالح پٹ میں فارمیشن کی ترتیب دیکھی اور فارمیشن کےسخت حالات میں حربی تیاری، تربیتی معیار  اور بلند حوصلےکو سراہا۔

آرمی چیف کا کہنا تھا کہ جنگ کےدوران بھرپور جواب دینے کے لیے ہتھیاروں اور افواج کا مؤثر ربط ضروری ہے، آرمی چیف نے سرسبز و شاداب پاکستان مہم کے طور پر پودا بھی لگایا۔

 آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے ماحول کے تحفظ اور علاقےکا دفاع  مضبوط بنانے کے لیے فارمیشن کو سراہا۔

 آرمی چیف نے دتر دینو میں سپاہی حزب اللہ جتوئی شہید کےگھر جا کر اہل خانہ سے ملاقات کی اور ان کا احوال معلوم کیا، آرمی چیف نے شہداء کے خاندانوں کی بہبود یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

سپاہی حزب اللہ جتوئی 5 ستمبرکوکوئٹہ میں  ای آئی ڈی دھماکےمیں شہید ہوگئے تھے۔

مزید خبریں :