دنیا
Time 17 ستمبر ، 2021

ویڈیو: خاتون کو زیبرا کراسنگ پر ڈانس کرنا مہنگا پڑگیا

سوشل میڈیا ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جہاں توجہ حاصل کرنے کے خواہاں لوگ مقبول ہونے کی خاطر کچھ بھی کرتے ہوئے ویڈیو بنا کر شیئر کردیتے ہیں۔

 لیکن کبھی کبھی یہ ویڈیوز وائرل ہونے کے بعد ان لوگوں کیلئے مہنگی بھی پڑسکتی ہیں ۔

حال ہی میں سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی جس میں شریا کلرا نامی خاتون کو بھارتی شہر اندور کی روساما اسکوائر پر زیبرا کراسنگ پر ڈانس کرتے دیکھا گیا۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہےکہ سوشل میڈیا انفلوئنسر ٹریفک سگنل رکتے ہی سڑک پر آگئیں اور ڈانس کرنے لگیں۔ شریا کے اس عمل سے کہیں سوشل میڈیا صارفین محظوظ ہوتے نظر آئے تو کئی افراد دنگ بھی رہ گئے۔

ریاستی وزیر داخلہ کا خاتون کے خلاف کارروائی کا حکم

ویڈیو وائرل ہونے کے بعد اب شریا نامی انفلوئنسر مشکل میں پڑگئی ہیں، بھارتی ریاست مدھیا پردیش کے وزیر داخلہ نروتم مشرا کی جانب سے شریا کے خلاف کارروائی کے احکامات جاری کردیے گئے ہیں۔

ریاستی وزیر داخلہ کے مطابق، انھوں نے حکام کو ہدایات جاری کردی ہیں کہ شریا کلرا کے خلاف موٹر وہیکل ایکٹ کے تحت کارروائی کی جائے تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات کو ہونے سے روکا جاسکے۔


وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ انھوں نے حکام کو براہ راست ہدایات جاری کردی ہیں جس میں کہا گیا ہے کہ ماڈل کے خلاف ہجوم میں غیر معمولی عمل کے خلاف کارروائی کی جائے، ہوسکتا ہے کہ خاتون کے اس عمل کے درپردہ کوئی وجہ ہو لیکن جو کچھ انھوں نے کیا اس کا طریقہ  کار غلط تھا۔

سڑک پر ڈانس ویڈیو سے متعلق شریا کا بیان 

دوسری جانب سے سوشل میڈیا پر ویڈیو شیئر کرتے ہوئے شریا کلرا نے واضح کیا کہ انھوں نے کسی بھی قسم کے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی نہیں کی، شریا نے اپنے پیغام میں لکھا کہ برائے مہربانی ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی نہ کریں ، سگنل پر سرخ بتی کا مطلب ہے کہ آپ نے رکنا ہے۔

مزید خبریں :