پاکستان
Time 22 ستمبر ، 2021

معاشی ترقی میں سڑکوں کا اہم ترین کردار ہے: وزیراعظم

وزیراعظم کی زیرصدارت نیشنل ہائی وےاتھارٹی کے زیرانتظام منصوبوں پرپیشرفت کاجائزہ اجلاس ہوا/ فائل فوٹو
وزیراعظم کی زیرصدارت نیشنل ہائی وےاتھارٹی کے زیرانتظام منصوبوں پرپیشرفت کاجائزہ اجلاس ہوا/ فائل فوٹو

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہےکہ معاشی ترقی میں سڑکوں کا اہم ترین کردار ہے۔

وزیراعظم کی زیرصدارت نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے زیرانتظام منصوبوں پرپیشرفت کاجائزہ اجلاس ہوا جس میں وزیر مواصلات مراد سید، وزیرمنصوبہ بندی اسد عمر، معاون خصوصی شہباز گل اور دیگر شریک ہوئے جب کہ اجلاس میں راولپنڈی تا کھاریاں، میانوالی تا مظفرگڑھ اور حیدرآباد تا سکھر شاہراؤں سے متعلق پیشرفت پر بریفنگ دی گئی۔

اجلاس میں مراد سعید نے بتایا کہ پچھلی حکومت کے تین سالوں (16-2013) میں صرف 645 کلو میٹر سڑکیں تعمیر ہوئیں اور موجودہ حکومت کے تین سالوں میں کل 1753 کلو میٹر سڑکیں مکمل ہوچکی ہیں۔

اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ معاشی ترقی میں سڑکوں کا اہم ترین کردار ہے، معیاری سڑکوں کی تعمیر سے دیہی اور شہری علاقوں کے درمیان رابطے سے تجارت کے مواقع بڑھیں گے جب کہ اچھی سڑکوں کی وجہ سےگاڑیوں کی مرمت اور پیٹرولیم مصنوعات کی درآمدکے اخراجات کم ہوجائیں گے۔

عمران خان نے کہا کہ مواصلات کے اہم اور بڑے منصوبوں پر روزانہ کی بنیاد پر پیشرفت کا خود جائزہ لوں گا، منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے فنڈز کا اجرا یقینی بنایا جائے۔

مزید خبریں :