کھیل
Time 24 ستمبر ، 2021

کرکٹ دورہ منسوخ: جنوبی افریقی صحافی اسٹورٹ ہیس بھی پاکستان کے حق میں بول پڑے

جنوبی افریق اسپورٹس جرنلسٹ کا کہنا تھا کہ پاکستان نے کووڈ کے دوران بڑے پن کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہر ملک کا دورہ کیا تاکہ کرکٹ جاری رہے —فوٹو:فائل
جنوبی افریق اسپورٹس جرنلسٹ کا کہنا تھا کہ پاکستان نے کووڈ کے دوران بڑے پن کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہر ملک کا دورہ کیا تاکہ کرکٹ جاری رہے —فوٹو:فائل

جنوبی افریقا کے ممتا ز اسپورٹس جرنلسٹ اسٹورٹ ہیس بھی نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے دورہ پاکستان کی منسوخی پر چراغ پا ہوگئے ہیں۔

  اسٹورٹ ہیس نے اپنے ایک کالم میں دونو ں کرکٹ بورڈز کے رویے کو خود غرضانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کے عہدیداروں اور کھلاڑیوں کو شرم آنی چاہیے ۔

اسٹورٹ ہیس نے اپنے کالم میں کرکٹ کے کرتا دھرتاؤں کو آئینہ دکھا تے ہوئے لکھا کہ  نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے کرکٹ عہدیداران اور کھلاڑیوں کو شرم آنی چاہیے، پاکستان نے سخت حالات میں نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کا دورہ کیا ، پاکستان نے دورہ اس لیے کیا تاکہ ان بورڈز کی آمدن ہوسکے، جواب میں دونوں بورڈز نے ان کی توہین کی۔

جنوبی افریقی اسپورٹس جرنلسٹ نے کالم میں لکھا کہ پاکستان نے کووڈ کے دوران بڑے پن کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہر ملک کا دورہ کیا تاکہ کرکٹ جاری رہے۔

انہوں نے کہا کہ کرکٹ جنوبی افریقا کا فرض ہے کہ وہ پاکستان کرکٹ بورڈ کا اخلاق کبھی فراموش نہ کرے، جب دیگر ٹیمیں جنوبی افریقا آنے سے کترارہی تھیں تو پاکستان نے یہاں آکر اضافی میچ کھیلا۔

اس کے علاوہ اسٹورٹ ہیس نے لکھا کہ3 بورڈز اپنے علاوہ کچھ نہیں دیکھتے ، ان کو آئی پی ایل کی پرواہ ہے یا آپس میں کھیلنے کی۔

اُنہوں نے مزید لکھا کہ دنیائے کرکٹ اس وقت ایک لیڈر کی تلاش میں ہے اور آئی سی سی وہ لیڈر ہرگز نہیں ہے۔

یاد رہے کہ کچھ روز قبل نیوزی لینڈ کی جانب سے یکطرفہ طور پر دورہ منسوخ کیے جانے کے بعد انگلینڈ کرکٹ بورڈنے بھی دورہ پاکستان ختم کردیا تھا۔

مزید خبریں :