پاکستان
Time 24 ستمبر ، 2021

شریف خاندان کی جاتی عمرہ اراضی کا معاملہ، نواز شریف کی بہن کو نوٹس جاری

عدالت نے چیف سیٹلمنٹ کمشنر اور کوثر یوسف کو ڈاک کے ذریعے نوٹس بھجوانے کی ہدایت بھی کی— فوٹو: فائل
عدالت نے چیف سیٹلمنٹ کمشنر اور کوثر یوسف کو ڈاک کے ذریعے نوٹس بھجوانے کی ہدایت بھی کی— فوٹو: فائل

لاہور کی مقامی عدالت نے شریف خاندان کی جاتی عمرہ اراضی کے وراثتی انتقال کی منسوخی کے خلاف درخواست پر چیف سیٹلمنٹ کمشنر اور نواز شریف کی بہن کوثر یوسف کو  یکم اکتوبر کے لیے نوٹسز جاری کر دیے ہیں۔

سول جج عمران اسحاق نے یوسف عباس شریف کے دعوے پر تحریری حکم جاری کیا۔

عدالت نے تحریری حکم میں لکھا ہے کہ عدالت کا تعمیل کنندہ نوٹس وصول کرانے کی تصاویر بھی بنائے۔ عدالتی نوٹس کی تعمیل کے بعد نوٹسز کے پیچھے نقشہ موقع بھی بنایا جائے۔

عدالت نے چیف سیٹلمنٹ کمشنر اور کوثر یوسف کو ڈاک کے ذریعے نوٹس بھجوانے کی ہدایت بھی کی۔

یوسف عباس نے درخواست میں مؤقف اپنایا ہے کہ دادی کے انتقال کے بعد وراثت کا انتقال کرانے کیلئے محکمہ مال کے پٹواری کو درخواست دی لیکن پٹواری نے موجودہ حکومت کے دباؤ پر اراضی کا وراثتی انتقال درج کرنے سے انکار کر دیا۔

درخواست گزار کا مؤقف ہے کہ موجودہ حکومت کے دباؤ پر غیرقانونی طریقے سے اراضی کی ملکیت و حیثیت تبدیل کی جارہی ہے، استدعا ہے کہ متعلقہ حکام کو دادی کی ملکیتی اراضی کی ملکیت اور حیثیت تبدیل کرنے سے روکا جائے۔

مزید خبریں :