جب صحافی کو تلوار دکھا کر دھمکیاں دینے پر شاہ رخ کو جیل جانا پڑا

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

بالی وڈ اسٹار شاہ رخ خان ایک مرتبہ اپنے خلاف غلط خبر چھاپنے پرصحافی کے گھر تلوار لے کر پہنچ گئے تھے جس پر انہیں جیل جانا پڑا تھا۔

ایک انٹرویو میں خود شاہ رخ خان نے انکشاف کیا کہ گوری خان سے ان کی شادی کو 2 سال ہوئے تھے اور وہ 1993 میں اپنی فلم 'کبھی ہاں کبھی نہ' کی شوٹنگ میں مصروف تھے۔

شاہ رخ کے مطابق ایک صحافی نے اپنی رپورٹ میں الزام لگایا تھا کہ میرا اپنی ساتھی اداکارہ کے ساتھ افیئر چل رہا ہے، اس خبر پر میں کافی پریشان تھا اور غصے میں اس صحافی کے گھر تلوار لے کر پہنچ گیا، یہ تلوار میرے سسر نے شادی کے موقع پر دی تھی جوکہ عام طور پر پنجاب میں داماد کو دی جاتی ہے۔

کنگ خان کے مطابق انہوں نے صحافی کے دروازے پر کافی شور شرابہ کیا اور وہاں موجود لوگوں سے لڑائی کی اور ایک شخص کی ٹانگ پر وار بھی کردیا جس سے وہ زخمی ہوگیا،اس واقعے کے بعد میں واپس فلم کے سیٹ پر آگیا اور شوٹنگ میں مصروف ہوگیا، ایک دن بعد پولیس فلم کے سیٹ پر آگئی اور مجھے گرفتارکرکے لےگئی۔

شاہ رخ کے مطابق پولیس اسٹیشن میں مجھ سے ایک عام مجرم جیسا برتاؤ کیا گیا اور مجھے ایک طرف کھڑا ہونےکو کہا گیا، پھر بڑی مشکل سے مجھے ایک فون کال کرنے کی اجازت ملی تاہم میں نے کسی کو مدد کے لیےکال کرنے کے بجائے دوبارہ صحافی کو فون کیا اور اسے دھمکیاں دیں۔

بعد ازاں اداکار نانا پاٹیکر نے شاہ رخ کی ضمانت کروائی، اس کے بعد بھی ان پر بدلہ لینے کی دھن سوار تھی تاہم اہلیہ گوری خان کی پریشانی کی وجہ سے وہ ایسا نہ کرسکے۔

مزید خبریں :