کھیل
Time 25 ستمبر ، 2021

دفاعی چیمپئن کے پی کا نیشنل ٹی ٹوئنٹی میں کامیابیوں کا سفر جاری

پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں جاری نیشنل ٹی ٹوئنٹی کے پہلے مرحلےکے پانچویں میچ میں خیبرپختونخوا (کے پی) نے اے ٹی ایف سدرن پنجاب کو باآسانی 7 وکٹوں سے شکست دے دی، دفاعی چیمپئن کی یہ ٹورنامنٹ میں مسلسل دوسری کامیابی ہے۔

فاتح ٹیم نے 153 رنز کا ہدف 19 اوور کی چوتھی گیند پر حاصل کرلیا، کپتان محمد رضوان اور صاحبزادہ فرحان کی شاندار بیٹنگ نے خیبرپختونخوا کی جیت میں اہم کردار ادا کیا، دونوں بیٹرز نے دوسری وکٹ کے لیے 136 رنز کی عمدہ شراکت قائم کی۔

صاحبزادہ فرحان 49 گیندوں پر 73 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، ان کی اننگز میں 6 چوکے اور 4 چھکے شامل تھے، کپتان محمد رضوان نے 47 گیندوں پر 64 رنز بنائے، ان کی اننگز میں 6 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا، افتخار احمد اور عادل امین چھ، چھ رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

خیبرپختونخوا کے آؤٹ ہونے والے پہلے بیٹر اوپنر فخر زمان تھے ،  وہ ایک کے انفرادی اسکور پر نسیم شاہ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے تھے۔

اس سے قبل خیبرپختونخوا نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو سدرن پنجاب کی پوری ٹیم 19.4 اوورز میں 152 رنز پر ڈھیر ہوگئی، خیبرپختونخوا کے فاسٹ بولرز نے میچ کے آغاز  سے ہی شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا۔

عمران رندھاوا کے علاوہ سدرن پنجاب کا کوئی بھی بیٹر عمران خان سینئر، شاہین شاہ آفریدی ، ارشد اقبال اور محمد وسیم جونیئر پر مشتمل مضبوط باؤلنگ اٹیک کے سامنے زیادہ دیر کریز پر نہ ٹھہر سکا اور وقفے وقفے سے وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا۔

عمران رندھاوا 46 گیندوں پر 7 چوکوں اور ایک چھکے کی بدولت 54 رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہے، حسان خان 25 اور خوشدل شاہ 24 نز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

اس دوران زین عباس 12، ذیشان اشرف 11، صہیب مقصود صفر، اعظم خان 14، عامر یامین 2، محمد الیاس 1 اور نسیم شاہ بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔

خیبرپختونخوا کے عمران خان سینئر نے 28 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، شاہین شاہ آفریدی نے 3 جب کہ محمد وسیم جونیئر نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

 سندھ نے ناردرن کو چار وکٹوں سے ہرادیا

پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں جاری نیشنل ٹی ٹوئنٹی کے چھٹے میچ میں جی ایف ایس سندھ نےلو اسکورنگ میچ میں ناردرن کو چار وکٹوں سے ہرا کر ٹورنامنٹ میں مسلسل دوسری کامیابی حاصل کرلی۔

کپتان سرفراز  احمد کو 42 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلنے پر پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔

جی ایف ایس سندھ نے 137 رنز کا مطلوبہ ہدف انیس اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں سندھ کی ابتدائی تین وکٹیں محض 36 کے مجموعی اسکور پر گر گئیں تاہم اوپنر شرجیل خان نےکریز کے ایک اینڈ سے رنز بنانے کا سلسلہ جاری رکھا۔

انہوں نے 25 گیندوں پر 7 چوکوں اور ایک چھکے کی بدولت 43 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر سندھ کی جیت کی بنیاد رکھی، انہوں نے کپتان سرفراز احمد کے ساتھ مل کر چوتھی وکٹ کے لیے 37 رنز بھی جوڑے۔

کپتان سرفراز احمد نے 42 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی،  ان کی اننگز میں 5 چوکے شامل تھے۔

انہوں نے نائب کپتان انور علی کے ہمراہ چھٹی وکٹ کے لیے 45 رنز کی اہم شراکت بھی قائم کی،  انور علی 31 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، اس دوران دانش عزیز پانچ رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

ناردرن کے عماد وسیم اور حارث رؤف نے دو ،دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، سہیل تنویر نے ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل ناردرن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تواس کی پوری ٹیم 19.3 اوورز میں 136 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

عمر امین اور ذیشان ملک پر مشتمل ناردرن کی اوپننگ جوڑی نے جارحانہ انداز  اپنایا تاہم عمر امین 3 چوکوں اور ذیشان ملک 2 چوکوں کی مدد سے بالترتیب 18 اور 11 رنز بناکر آؤٹ ہوئے تو حیدر علی بھی زیادہ دیر کریز پر نہ ٹھہر سکے اور محض 8 کے انفرادی اسکور پر پویلین واپس لوٹ گئے۔

ایسے میں محمد نواز نے ناردرن کی کمان سنبھالی اور آہستہ آہستہ رنز بنانے کا سلسلہ جاری رکھا مگر انہیں دوسرے اینڈ سے خاطر خواہ سپورٹ نہ مل سکی، جس کی وجہ سے ناردرن کی مضبوط بیٹنگ لائن اپ بھی اسکور بورڈ پر بڑا مجموعہ نہ سجاسکی۔

کپتان شاداب خان 7، آصف علی 10، عماد وسیم 18اور سہیل تنویر صفر رنز پر آؤٹ ہوئے۔ محمد نواز بھی 30 کے انفرادی اسکور پر اسٹمپ آؤٹ ہوگئے۔

اس موقع پردسویں نمبر پر میدان میں اترنے والے حارث رؤف نے9 گیندوں پر 2چھکوں اور ایک چوکے کی بدولت 19 رنز بناکر ٹیم کا مجموعہ 136 تک پہنچانے میں مدد کی، انہوں نے آٹھویں وکٹ کے لیے وکٹ کیپر بیٹر روحیل نذیر کے ہمراہ 28 قیمتی رنز جوڑے، روحیل نذیر 9 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

سندھ کے شاہنواز دھانی نے 26 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں،  زاہد محمود اور محمد حسنین نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

مزید خبریں :