پاکستان
Time 26 ستمبر ، 2021

پی آئی اے کے عملے کی ایمانداری، مسافر کے گم ہونے والے 15 لاکھ روپے واپس کر دیے

کراچی ائیرپورٹ پر  تعینات قومی ائیرلائن پی آئی اے کے عملے نے مسافر کے گم ہونے والے 15 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی رقم واپس کر کے ایمانداری کی نئی مثال قائم کر دی۔

ذرائع کے مطابق مسافر پی آئی اے کی پرواز PK369 کے ذریعے اسلام آباد سے کراچی ائیرپورٹ پہنچا، مسافر جلد بازی میں اپنا قیمتی سامان سے بھرا بیگ جہاز  میں ہی بھول گیا اور  یاد آنے پر مسافر نے فوری پی آئی اے کو بیگ بھول جانے سے آگاہ کیا۔

ذرائع نے بتایا کہ مسافر کے بیگ میں غیر ملکی کرنسی اور پاسپورٹ سمیت اہم قیمتی سامان تھا۔ پی آئی اے کے عملے نے فوری تلاش شروع کی اور مسافر کا بیگ اور قیمتی سامان ملنے پر اسے واپس لوٹا دیا۔

مسافر نے 9 ہزار  200 امریکی ڈالر، پاسپورٹ اور دستاویزات واپس ملنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پی آئی اے کے عملے اور انتظامیہ نے بہترین سروس دی، کراچی ائیرپورٹ پر  پی آئی اے عملے کو جیسے بیگ کھونے کی اطلاع دی انہوں نے اس کی تلاش شروع کر دی۔

مسافر کا کہنا تھا کہ رقم، قیمتی سامان اور پاسپورٹ واپس کرنے پر پی آئی اے کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

دوسری جانب ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ سی ای او  پی آئی اے ائیرمارشل ارشد ملک نے پی آئی اے عملے کو ایمانداری کی مثال قائم کرنے پر شاباشی دی ہے۔ 

مزید خبریں :