دنیا
Time 27 ستمبر ، 2021

تھائی لینڈ نے ویکسین شدہ سیاحوں کیلئے قرنطینہ کی مدت میں کمی کردی

اس کے لیے انہیں اپنا کورونا ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ دکھانا لازمی ہوگا: فائل فوٹو
 اس کے لیے انہیں اپنا کورونا ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ دکھانا لازمی ہوگا: فائل فوٹو

تھائی لینڈ نے کورونا وائرس کی ویکسی نیشن مکمل کرنیوالے سیاحوں کے لیے قرنطینہ کی مدت میں کمی کردی۔

خبر ایجنسی کےمطابق تھائی لینڈ کی حکومت نے کورونا وائرس کی ویکسی نیشن مکمل کرنے والے سیاحوں کے لیے قرنطینہ کی مدت میں 7 روز کی کمی کردی ہے جس کے بعد اب ملک میں آنے والے سیاحوں کو 14 کی بجائے 7 دن قرنطینہ کرنا ہوگا تاہم اس کے لیے انہیں اپنا کورونا ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ دکھانا ہوگا۔

خبر ایجنسی کے مطابق ملک میں کورونا وائرس کی تیسری بدترین لہر اور ڈیلٹا ویرینٹ کی موجودگی کے باوجود اب حکام معیشت کی بحالی کے لیے کوششیں کررہے ہیں جس کے لیے مکمل ویکسین شدہ افراد کے قرنطینہ کی مدت کو کم کیا گیا ہے۔

حکام کے مطابق کورونا ویکسین نہ کرانے والے ایسے سیاح جو فضائی سفر کرکے تھائی لینڈ پہنچے گے انہیں 10 دن کا قرنطینہ کرنا ہوگا جب کہ زمینی راستے سے آنے والوں کو 14 روز قرنطینہ میں گزارنے ہوں گے، اس کے علاوہ ان تمام افراد کا دو مرتبہ کورونا کا ٹیسٹ منفی آنا بھی ضروری ہے۔

حکام کا کہنا ہےکہ ملک میں سیاحوں کے داخلے کے لیے ویکسین شدہ افراد سے متعلق پالیسی مناسب ہے جب کہ غیر ویکسین شدہ افراد اگر وائرس سے متاثر ہے تو ان کے لیے نافذ پالیسی بھی اسکریننگ کے لیے کافی ہے۔

حکام کے مطابق کورونا وائرس سے متعلق نئی پالیسی کا اطلاق آنے والے جمعہ سے ہوگا۔

واضح رہےکہ تھائی لینڈ کی معیشت میں سیاحت کے شعبے کو اہم مقام حاصل ہے اور کورونا وائرس سے قبل ایک سال میں 40 لاکھ سیاحوں نے تھائی لینڈ کا رخ کیا تھا لیکن کورونا وائرس نے جہاں عالمی معیشت پر انتہائی منفی اثرات ڈالے وہیں تھائی لینڈ کی معیشت بھی کورونا کی پابندیوں کے سبب 20 سال کے بدتر حالات پر پہنچ گئی۔

امریکا اور برطانیہ نے تھائی لینڈ میں کورونا کے بڑھتے کیسز اور ویکسی نیشن کی کم شرح کے سبب سفری ہدایات جاری کی ہیں۔

مزید خبریں :