دنیا
Time 28 ستمبر ، 2021

طالبان کا ظاہر شاہ کے دور کا آئین عارضی طور پر نافذ کرنے کا فیصلہ

طالبان نے افغانستان کے سابق بادشاہ ظاہر شاہ کے دور کا آئین عارضی طور پر نافذ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

افغان سرکاری نیوز ایجنسی کے مطابق افغان عبوری حکومت کی وزارت انصاف کی جانب سے بیان جاری کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ عبوری حکومت سابق بادشاہ ظاہر شاہ کے دور کا افغانستان کا آئین عارضی طور پر نافذ کرے گی۔

وزارت کا کہنا ہے کہ ظاہر شاہ کے دور کے وہ قوانین نافذ کیے جائیں گے جو شریعت سے متصادم نہیں ہیں۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ وزارت انصاف کے عبوری وزیر عبدالحکیم نے چینی سفیر سے ملاقات کی اور اس میں بتایا کہ طالبان حکومت جلد ہی ظاہر شاہ کے دور والا آئین عارضی طور پر نافذ کرے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ طالبان اُن بین الاقوامی قوانین اور دستاویزات کا احترام کرتے ہیں جو شریعت اور امارت اسلامی کے قوانین سے متصادم نہیں۔

خیال رہے کہ افغانستان کے بادشاہ ظاہر شاہ کا طویل دور حکمرانی رہا ہے اور وہ 1933 سے 1973 تک ملک کے حکمران رہے، ان کا انتقال 2007 میں ہوا۔

مزید خبریں :