پاکستان
Time 28 ستمبر ، 2021

حکومت کے بنائے گئے جھوٹے افسانے عالمی اداروں نے ردی کی ٹوکری میں پھینک ديے، ن لیگ

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینیئر نائب صدر شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ شہباز شریف اور سلیمان شہباز کے خلاف 3 ملکوں میں کسی جرم اور منی لانڈرنگ کی شہادت نہیں ملی۔

شاہد خاقان عباسی نے احسن اقبال سمیت دیگر رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کی۔ اس دوران ان کا کہنا تھاکہ حکومتی وزرا جھوٹے اور بے بنیاد بیانات دے رہے ہیں، 11 دسمبر 2019 کو بیرسٹرضیا نے حکومت پاکستان کی طرف سے خط لکھا گیا، بیرسٹر ضیا کی حکومت میں کیا حیثیت ہے؟ اس کا کسی کوپتہ نہیں۔

ان کا کہنا تھاکہ شہباز شریف اور سلیمان شہباز کے خلاف تین ملکوں میں کسی جرم اور منی لانڈرنگ کی شہادت نہیں ملی، نیشنل کرائم ایجنسی (این سی اے) برطانیہ میں ایک ادارہ ہے  جو ہر معاملے کی بڑی سختی سے تفتیش کرتا ہے۔

انہوں نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ یہ فیصلہ جج ارشد ملک کو بلیک میل کرکے نہیں لیا گیا۔

شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھاکہ ان کے پاس شواہد ہیں کہ ایف آئی اے کے لوگ بھی جا کر ملتے رہے ہیں، یہ جھوٹے ثبوت دوسرے ملکوں کو دیتے ہیں کہ یہ ہم نے کر لیا ہے، یہ انتقام میں اتنے اندھے ہوچکے ہیں کہ انھیں ملک کی پرواہ نہیں۔

ن لیگ کے جنرل سیکرٹری احسن اقبال کا کہنا تھاکہ ملک کے نظامِ عدل اور نظامِ انصاف پر عالمی حلقوں میں سوالیہ نشان لگ گیا ہے، حکومت کے بنائے گئے جھوٹے افسانے عالمی اداروں نے ردی کی ٹوکری میں پھینک ديے۔

ان کا کہنا تھاکہ سارا نیب کا ریکارڈ اور پلندہ جو لوگوں کے سامنے لہرایا جاتا ہے برطانوی ایجنسی کے سامنے پیش کیا گیا، شہبازشریف 2008 سے 2018 تک وزیراعلیٰ پنجاب رہے، یہ شہبازشریف پرایک پیسے کا الزام نہیں لگا سکے، 3200ارب روپے کے ترقیاتی منصوبوں میں آپ 32 پیسے کی کرپشن ثابت نہیں کرسکے۔

احسن اقبال کا مزید کہنا تھا کہ شہبازشریف کے ہتک عزت کے مقدمے میں یہ سرچھپاتے پھررہے ہیں، یہ پاکستان دشمنی کے ایجنڈے پرکام کررہے ہیں۔

مزید خبریں :