کھیل
Time 07 اکتوبر ، 2021

پی سی بی کے ڈائریکٹر کمرشل بابر حامد کی غیر حاضری معمہ بن گئی

بابر حامد گزشتہ ماہ چھٹیوں پر گئے، چھٹیاں بھی ختم ہوگئیں، پی سی بی نے بابر حامد کے استعفیٰ کی بھی تردید کردی ، آخر وہ ہیں کہاں؟— فوٹو: فائل
بابر حامد گزشتہ ماہ چھٹیوں پر گئے، چھٹیاں بھی ختم ہوگئیں، پی سی بی نے بابر حامد کے استعفیٰ کی بھی تردید کردی ، آخر وہ ہیں کہاں؟— فوٹو: فائل

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ڈائریکٹر کمرشل بابر حامد کئی دنوں سے غیر حاضر ہیں۔

بابر حامد گزشتہ ماہ چھٹیوں پر گئے، چھٹیاں بھی ختم ہوگئیں، پی سی بی نے بابرحامد کے استعفیٰ کی بھی تردید کردی ، آخر وہ ہیں کہاں، پی سی بی کے ڈائریکٹر کمرشل کی غیر حاضری معمہ بن گئی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بابر حامد نے رمیز  راجہ کے چیئر مین پی سی بی بننے کے بعد استعفیٰ دے دیاجو منظور  ہوگیا ہے تاہم پی سی بی کا کہنا ہے کہ استعفیٰ ملا ہی نہیں تو منظور کیسے ہوگا۔

خیال رہے کہ پاک نیوزی لینڈ سیریز میں ڈی آر  ایس کے معاملے پر رمیز راجہ نے بابر حامد کو آڑے ہاتھوں لیا تھا اور سیریز میں ڈی آر ایس نہ ہونے پر چیئر مین نے انکوائری کا عندیہ بھی دیا تھا۔

ڈی آر ایس کے علاوہ بھی بابر حامد کو سنگین الزامات کا سامنا ہے۔

کچھ کا کہنا ہے کہ ہوسکتا ہے بابر حامد انکوائری کے لیے پی سی بی کے دفتر آتے ہوں لیکن انہیں کسی نے پی سی بی کے دفتر میں نہیں دیکھا۔

ڈائریکٹر کمرشل کی غیر حاضری کو ہر کوئی محسوس کررہا ہے۔ جیو نیوز نے بھی بابر حامد سے اس معاملے پر ان مؤقف لینے کے لیے رابطے کی کوشش کی لیکن رابطہ نہ ہوسکا۔

مزید خبریں :