کھیل
Time 08 اکتوبر ، 2021

نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ: بلوچستان نے خیبرپختونخوا کو 6 وکٹوں سے ہرادیا

نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ میں بلوچستان نے خیبرپختونخوا کو 6 وکٹوں سےشکست دے دی۔ —فوٹو: پی سی بی
نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ میں بلوچستان نے خیبرپختونخوا کو 6 وکٹوں سےشکست دے دی۔ —فوٹو: پی سی بی

نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ میں بلوچستان نے خیبرپختونخوا کو 6 وکٹوں سےشکست دے دی۔

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں جاری نیشنل ٹی ٹوئنٹی کے دوسرے مرحلے میں بلوچستان نے خیبرپختونخوا کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔

 خیبرپختونخوا نے بلوچستان کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کا آغاز کیا تو صاحبزادہ فرحان کے علاوہ اس کا کوئی بھی بیٹسمین لمبی اننگز کھیلنے میں ناکام رہا، صاحبزادہ فرحان نے 49 گیندوں پر 78 رنز کی اننگز کھیلی، ان کی اننگز میں 9 چوکے اور 1 چھکا شامل تھا۔

دوسری طرف اسرار اللہ 19، کپتان محمد رضوان 17 جبکہ فخر زمان اور محمد وسیم جونیئر نے 12، 12 رنز بنائے  جبکہ افتخار احمد 6 اور عامر عظمت 4 رنزبناکر آؤٹ ہوئے۔

خیبرپختونخوا نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 155 رنز بنائے۔

 بلوچستان کے جنید خان نے 3 جبکہ نجیب اللہ اچکزئی اور عماد بٹ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

 ٹورنامنٹ کے بائیسویں میچ میں بلوچستان نے 156 رنز کا ہدف 2 گیندیں قبل 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں عبداللہ شفیق اور عبدالواحد بنگلزئی پر مشتمل بلوچستان کی نوجوان اوپننگ جوڑی نے اننگز کا محتاط آغاز کیا تاہم عبدلواحد بنگلزئی 33 کے مجموعی اسکور پر 14 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

ایسے میں کپتان امام الحق نے ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور وکٹ کے ایک اینڈ سے رنز بنانے کا سلسلہ جاری رکھا۔

انہوں نے 64 رنز کی شاندار اننگز کھیلی ،اس دوران عبداللہ شفیق نے 28، حارث سہیل نے 14 اور عمید آصف نے 20 رنز بناکر ان کا ساتھ دیا۔

اختتامی اوورز میں عماد بٹ نے 5 گیندوں پر 12 رنز بناکر مطلوبہ ہدف عبور کرلیا۔ 

خیبرپختونخوا کی جانب سے عمران خان سینئر نے 2 جبکہ عامر عظمت اور افتخار احمد نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

اس سے قبل جمعرات کو کھیلے گئے پہلے میچ میں سدرن پنجاب نےہوم سٹی سینٹرل پنجاب کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی تھی۔

مزید خبریں :