دنیا
Time 11 اکتوبر ، 2021

مکمل تاریکی کے بعد فوج کی مدد سے لبنان کی بجلی بحال ہوگئی

وزیر توانائی ولید فیاد نے اتوار کو کہا کہ گرڈ واپس آن لائن ہو گیا ہے —فوٹو: اے ای پی
وزیر توانائی ولید فیاد نے اتوار کو کہا کہ گرڈ واپس آن لائن ہو گیا ہے —فوٹو: اے ای پی 

 لبنان میں فوج کی جانب سے 2 اہم پاور اسٹیشنوں کو ایندھن کی فراہمی کے بعد ایک روزہ ملک گیر بلیک آؤٹ تقریباً ختم ہو گیا۔

ہفتے کے روز دیر عمار اور زہرانی نامی دو بڑے بجلی گھر ایندھن نہ ملنے کی وجہ سے بند ہو گئے تھے جس کی وجہ سے ملک میں بجلی کا نیٹ ورک اس ماہ دوسری مرتبہ بند ہو گیا۔

معاشی بدحالی کا شکار لبنان کی حکومت نے حالیہ مہینوں میں بجلی کی پیداوار کے لیے ایندھن درآمد کرنے کے لیے کافی جدوجہد کی ہے۔

زیادہ تر لبنانیوں نے ہفتے کے روز اپنی روز مرہ زندگی میں کوئی خاص تبدیلی نہیں دیکھی ، کیونکہ ریاست مہینوں سے بمشکل ایک سے دو گھنٹے بجلی مہیا کر رہی ہے۔

وزیر توانائی ولید فیاد نے اتوار کو کہا کہ گرڈ واپس آن لائن ہو گیا ہے۔

انہوں نے ایک بیان میں کہا 'نیٹ ورک معمول پر آگیا ہے اور اب صورتحال ویسی ہی ہے جیسی دیر عمار اور زہرانی میں گیس کا تیل ختم ہونے سے پہلے تھی'۔

انہوں نے 6000 کلو لیٹر (تقریبا 16 لاکھ گیلن) تیل فراہم کرنے پر فوج کا شکریہ ادا کیا۔

حکومت نے فوج کی جانب سے مہیا کیا گیا تیل دونوں بجلی گھروں کو برابر برابر فراہم کیا ہے۔

سرکاری بجلی کمپنی نے ہفتے کے روز کہا تھا کہ اس شام ایندھن کے تیل کی کھیپ آنے کی توقع ہے اور ہفتے کے آغاز پر اسے آف لوڈ کیا جائے گا۔

مزید خبریں :