دنیا
Time 11 اکتوبر ، 2021

امریکا، برطانیہ نے کابل کے ہوٹلوں میں قیام سے متعلق اپنے شہریوں کو الرٹ جاری کردیا

امریکا اور برطانیہ کی جانب سے جاری تھریٹ الرٹ میں کابل کے لگژری ہوٹلوں کا حوالہ دیا گیا ہے/ فائل فوٹو
امریکا اور برطانیہ کی جانب سے جاری تھریٹ الرٹ میں کابل کے لگژری ہوٹلوں کا حوالہ دیا گیا ہے/ فائل فوٹو

امریکا اور برطانیہ نے کابل میں رہنے والے اپنے شہریوں کو تھریٹ الرٹ جاری کردیا۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق امریکا اور برطانیہ کی جانب سے اپنے شہریوں کو کابل کے ہوٹلوں میں قیام سے متعلق تھریٹ الرٹ جاری کیا گیا ہے۔

امریکا اور برطانیہ کی جانب سے جاری تھریٹ الرٹ میں کابل کے لگژری ہوٹلوں کا حوالہ دیا گیا ہے جس میں خاص طوپر سرینا ہوٹل سے متعلق ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

امریکی سفارتخانے کی جانب سے 11 اکتوبر کو جاری تھریٹ الرٹ میں کہا گیا ہےکہ سکیورٹی خطرات کی بنا پر کابل میں موجود امریکی شہری شہر کے لگژری ہوٹلوں کی طرف جانے سے گریز کریں جب کہ ایسے تمام امریکی شہری جو سرینا ہوٹل کے ارد گرد موجود ہیں وہ خاص طور پر اس علاقے کو چھوڑدیں۔

امریکی سفارتخانے نے اپنے شہریوں کو سرینا ہوٹل کے ارد گرد کے علاقے میں سفر کرنے سے گریز کی بھی ہدایت کی ہے۔

دوسری طرف برطانیہ کی جانب سے جاری الرٹ میں کہا گیا ہےکہ بڑھتے ہوئے خطرے کے پیش نظر برطانوی شہری ہوٹل میں قیام نہ کریں اور خاص طور پر کابل کے ہوٹلوں میں قیام سے گریز کیا جائے۔

برطانوی الرٹ میں بھی اپنے شہریوں کو سرینا ہوٹل میں قیام کرنے سے خاص طور پر گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

واضح رہےکہ امریکا اور برطانیہ کی جانب سے الرٹ جمعے کے روز قندوز کی مسجد میں ہونے والے دھماکے کے بعد جاری کیا گیا، اس دھماکے میں 40 سے زائد افراد جاں بحق ہوئے اور 300 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔

مزید خبریں :