پاکستان
Time 14 اکتوبر ، 2021

اقوام متحدہ نے پاکستان میں گلیشیئرز پگھلنےکی صورتحال تشویشناک قرار دیدی

اقوام متحدہ نے پاکستان میں گلیشیئرز  پگھلنےکی صورت حال کو تشویش ناک قرار دے دیا۔

اقوام متحدہ کے بین الحکومتی پینل برائے موسمیاتی تبدیلی کی رپورٹ کے مطابق  پاکستان کو گلوبل وارمنگ کے بحران کا سامنا ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہےکہ قطبی اور پہاڑی گلیشیئرز ممکنہ طور پرکئی دہائیوں تک پگھلتے رہیں گے، جس کے نتائج بڑی حد تک تشویش ناک ہیں، اس صورت حال کو خطرے کی علامت سمجھا جائے۔

خیال رہےکہ دنیا بھر میں موسمیاتی شدت سنگین صورت حال اختیار کرتی جارہی ہے، پاکستان کا درجہ حرارت بھی پچھلی ایک صدی کے دوران میں اعشاریہ 83 ڈگری بڑھ چکا ہے۔

موسموں کی شدت دنیا کے ہر کونے تک پہنچ رہی ہے، بین الاقوامی ادارے نووا نے جولائی 2021 کو کرہ ارض کا گرم ترین مہینہ قرار دیا تھا۔

گرین ہاؤس گیسز کرہ ارض کے درجہ حرارت کو بڑھانے کا باعث ہیں، ان میں سب سے اہم کاربن ڈائی آکسائیڈ ہے جو سورج کی روشنی جذب کرتی ہے اور اسے خلا میں واپس جانے سے روک دیتی ہیں اور یوں گلوبل وارمنگ کا باٰعث بنتی ہے ۔

جنگلات اور  پودے ان گیسز کو جذب کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں ، اس لیے  ان کی  حفاظت اور اضافے پر ماہرین زور دے رہے ہیں۔

مزید خبریں :