دنیا
Time 15 اکتوبر ، 2021

لبنان میں مظاہرین پر فائرنگ سے 6 افراد ہلاک، درجنوں زخمی

فائرنگ کے واقعے کے بعد بڑی تعداد فوجیوں کو تعینات کر دیا گیا ہے۔ فوٹو: رائٹرز
فائرنگ کے واقعے کے بعد بڑی تعداد فوجیوں کو تعینات کر دیا گیا ہے۔ فوٹو: رائٹرز 

لبنان کے دارالحکومت بیروت میں مظاہرین پر فائرنگ سے 6 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے۔

عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق بیروت کی بندرگاہ پر ہونے والے دھماکے کی تحقیقات کرنے والے جج کے خلاف مظاہرے کے لیے سیکڑوں کی تعداد میں حزب اللہ کے حامی دارالحکومت میں جسٹس پیلس کے باہر جمع تھے۔

مظاہرین کی جانب سے بیروت بندرگاہ دھماکے کی تحقیقات کرنے والے جج طارق بتار پر تعصب کا الزام عائد کرتے ہوئے انھیں ہٹانے کا مطالبہ کیا جا رہا تھا کہ اچانک ان پر فائرنگ شروع ہو گئی۔

لبنان کی ریڈ کراس کے مطابق اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں 6 افراد ہلاک اور 30 زخمی ہوئے تاہم ہلاک ملزمان کے بارے میں تاحال معلوم نہیں ہو سکا ہے کہ ان کا تعلق کس گروپ سے ہے۔

فائرنگ کے واقعے کے بعد بڑی تعداد فوجیوں کو تعینات کر دیا گیا ہے اور شہریوں کو جائے وقوعہ سے دور رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے حملہ آوروں کی تلاش شروع کر دی گئی ہے۔

حزب اللہ اور اس کے اتحادیوں نے حملے کا الزام کرسچن لیبنیز فورس پارٹی پر عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ کرسچن فورس کے کارکنوں نے چھتوں سے فائرنگ کی۔

دوسری جانب لیبنیز کرسچن فورس نے مظاہرین پر حملے کی مذمت کی تاہم انہوں نے حزب اللہ کی جانب سے خود پر لگائے گئے الزامات کا جواب نہیں دیا۔

لبنان کے صدر مائیکل عون اور وزیراعظم نجیب مکاتی نے عوام سے پرامن رہنے کا مطالبہ کرتے ہوئے حملہ آوروں کے خلاف سخت کارروائی کی یقین دہانی کروائی ہے۔

مزید خبریں :