دنیا
Time 20 اکتوبر ، 2021

قرآن پاک کی بے حرمتی، بنگلا دیش میں ہندو مسلم فسادات پھوٹ پڑے

ہندوؤں کے مذہبی تہوار درگا پوجا کے دوران ایک شخص کی جانب سے قرآن پاک کی بے حرمتی کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھیں۔ فوٹو: اسکرین گریب
ہندوؤں کے مذہبی تہوار درگا پوجا کے دوران ایک شخص کی جانب سے قرآن پاک کی بے حرمتی کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھیں۔ فوٹو: اسکرین گریب

ہندوؤں کے مذہبی تہوار درگا پوجا کے دوران قرآن پاک کی بے حرمتی کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد بنگلا دیش میں بڑے پیمانے پر ہندو مسلم فسادات پھوٹ پڑے۔

الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتے بنگلا دیش کے مشرقی ضلع کمیلا میں ہندوؤں کے مذہبی تہوار کے دوران ایک شخص کی جانب سے قرآن پاک کی بے حرمتی کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھیں۔

اس واقعے کے بعد مشتعل افراد نے بنگلا دیش کے مختلف شہروں میں مندروں پر حملے کیے اور پولیس کے ساتھ جھڑپیں بھی ہوئیں جس میں دو ہندوؤں سمیت 6 افراد ہلاک اور 100 سے زائد زخمی ہوئے۔

بنگلا دیش میں جلاؤ گھیراؤ کا ایک منظر۔ فوٹو: سوشل میڈیا
بنگلا دیش میں جلاؤ گھیراؤ کا ایک منظر۔ فوٹو: سوشل میڈیا

بنگلا دیشی میڈیا کا کہنا ہے کہ مشتعل افراد نے رنگ پور کے شہر پیر گنج میں ہندوؤں کے 20 کے قریب مکانات کو آگ لگا دی۔

دوسری جانب ہندو کمیونٹی رہنما گوبندا پرامانک نے غیر ملکی خبر ایجنسی اے ایف پی کو بتایا کہ بنگلا دیش کے مختلف شہروں میں ہونے والے حملوں میں 150 کے قریب ہندو زخمی ہوئے جبکہ 80 کے قریب مندروں پر حملے ہوئے۔

مشتعل مظاہرین دروازہ کھول کر اندر داخل ہونے کی کوشش کر رہے ہیں۔ فوٹو: سوشل میڈیا
مشتعل مظاہرین دروازہ کھول کر اندر داخل ہونے کی کوشش کر رہے ہیں۔ فوٹو: سوشل میڈیا

پولیس کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ایک ہندو شخص کو بیگم گنج کے جنوبی گاؤں میں لاٹھیوں کے وار کر کے ہلاک کیا گیا جبکہ ایک ہندو کی لاش مندر کے قریب سے ملی، 4 افراد پولیس کی فائرنگ سے ہلاک ہوئے۔

پرتشدد واقعات کے فوری بعد مزید ہنگامہ آرائی کو روکنے کے لیے بنگلا دیش کے مختلف شہروں میں انٹرنیٹ اور موبائل فون سروس معطل کر دی گئی اور سکیورٹی بڑھا دی گئی۔

بنگلا دیش میں توڑ پھوڑ کا ایک منظر۔ فوٹو: سوشل میڈیا
بنگلا دیش میں توڑ پھوڑ کا ایک منظر۔ فوٹو: سوشل میڈیا

خیال رہے کہ بنگلا دیش کی مجموعی آبادی16 کروڑ 50 لاکھ نفوس پر مشتمل ہے اور وہاں ہندو مجموعی آبادی کا 10 فیصد ہیں۔

مزید خبریں :