دنیا
Time 21 اکتوبر ، 2021

ٹرمپ کا فیس بک کے مقابلے میں نیا سوشل نیٹ ورک لانچ کرنے کا اعلان

سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فیس بک کے مقابلے میں نیا سوشل نیٹ ورک لانچ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ’TRUTH Social’ کے نام سے سوشل نیٹ ورک لانچ کروانے کا اعلان کیا گیا ہے جس کا بیٹا ورژن اگلے ماہ لانچ کروایا جائے گا جس میں مخصوص افراد کو دعوت دی جائے گی۔

ڈونلڈ ٹرمپ کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ یہ پلیٹ فام ان بڑی ٹیکنالوجی فرمز کے خلاف آواز بلند کرنے کا مؤثر ذریعہ ہو گا جو امریکا میں مخالفین کی آواز کو خاموش کرواتے ہیں۔

اس کے علاوہ ڈونلڈ ٹرمپ کا ویڈیو آن ڈیمانڈ سروس متعارف کروانے کا ارادہ بھی ہے۔

خیال رہے کہ سوشل میڈیا نے ڈونلڈ ٹرمپ کے صدر بننے میں اہم کردار ادا کیا تھا اور صدر بننے کے بعد سوشل میڈیا ہی ڈونلڈ ٹرمپ کا کمیونیکیشن کا سب سے اہم ذریعہ تھا۔

ڈونلڈ ٹرمپ کے دور صدارت میں سوشل میڈیا کمپنیوں پر اشتعال انگیز اور گمراہ کن بیانات کے باعث ٹرمپ کے اکاؤنٹس بلاک کرنے کے لیے بہت زیادہ دباؤ تھا۔

تاہم انتخابات میں ناکامی کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ کے حامیوں کی جانب کیپٹل ہل کی عمارت پر ہلہ بولے جانے کے بعد ٹرمپ کے فیس بک اور ٹوئٹر اکاؤنٹس بلاک کیے گئے۔

گزشتہ برس ٹوئٹر اور فیس بک نے غلط معلومات فراہم کرنے والی پوسٹیں ہٹانا شروع کیں  اور  پھر صدارتی انتخابات میں بغیر ثبوتوں کے دھاندلی کے الزامات لگانے اور عوام کو فسادات پر اکسانے کے بیانات کے باعث سوشل میڈیا کمپنیوں نے ڈونلڈ ٹرمپ کے اکاؤنٹس بھی معطل کرنے کا فیصلہ کیا۔

سوشل میڈیا اکاؤنٹس بند ہونے کے بعد ہی ڈونلڈ ٹرمپ نے اشارہ دیا تھا کہ وہ فیس بک کے مقابل اپنا سوشل نیٹ ورک لانے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔

مزید خبریں :