این سی بی کی ٹیم شاہ رخ خان کے گھر کیا چیز لینے گئی تھی؟

بھارتی نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کی ٹیم آریان خان منشیات کیس کی تحقیقات کے سلسلے میں بالی وڈ کے سپر اسٹار شاہ رخ خان کی رہائش گاہ ’منت‘ پہنچی تھی جسے میڈیا کی جانب سے چھاپہ قرار دیا جارہا تھا تاہم اب بیورو نے اس کی وضاحت کردی ہے۔

نارکوٹکس کنٹرول بیورو کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ شاہ رخ خان کے گھر پر چھاپہ نہیں مارا گیا اور نہ ہی وہاں کوئی سرچ آپریشن کیاگیا۔

این سی بی کے مطابق ان کی ٹیم شاہ رخ خان کے گھر آریان خان سے متعلق کاغذات لینےگئی تھی۔

ٹیم کے ایک رکن نے بھارتی میڈیا کو بتایا کہ ٹیم ایک نوٹس لے کر شاہ رخ خان کے گھر پہنچی تھی جس میں درخواست کی گئی تھی کہ اگر گھر میں آریان خان کے زیر استعمال رہنے والی اور کوئی الیکٹرانک ڈیوائس موجود ہے تو وہ این سی بی کے حوالے کردی جائے۔

خیال رہے کہ آج پہلی بار شاہ رخ خان نے اپنے بیٹے آریان خان سے جیل میں بالمشافہ ملاقات کی ہے جس کے بعد این سی بی کی ٹیم منت پہنچی تھی۔

علاوہ ازیں اسی کیس میں این سی بی نے اداکارہ چنکی پانڈے کی بیٹی آننیا پانڈے کو بھی پوچھ گچھ کے لیے طلب کیا تھا۔ آننیا پانڈے این سی بی آفس پہنچیں جہاں ان سے تفتیش کی گئی۔

23 سالہ آریان خان اور دیگر 7 ملزمان کی ضمانت کی درخواست پر مزید سماعت اب 26 اکتوبر کو بمبئی ہائیکورٹ میں ہوگی۔

مزید خبریں :