کھیل
Time 21 اکتوبر ، 2021

وارم اپ میچ میں شکست، قومی ٹیم کے کیمپ میں خطرے کی گھنٹی بج گئی

جنوبی افریقا کے خلاف وارم اپ میچ میں شکست کے بعد  پاکستان ٹیم کے کیمپ میں خطرے کی گھنٹی بج گئی۔

شکست کیوں ہوئی؟ بولرز نے آخری 3 اوورز میں 50 رنز کیسے دے ڈالے؟حسن علی آخری اوور میں 19 رنز کا دفاع کیوں نہ کرسکے؟حارث رؤف کو ایک اوور میں 18 رنز کی پھینٹی کیسے پڑ گئی؟ شکست کے بعد منیجمنٹ نے پریکٹس سیشن تو منسوخ کردیا لیکن آرام کے دن بھی کام کو ہی ترجیح دی  اور ٹیم کے کرتا دھرتا سر جوڑ کر بیٹھ گئے۔

ذرائع  کے مطابق ہیڈ کوچ ثقلین مشتاق اسپنرز کے ساتھ بیٹھک کریں گے جبکہ  میتھیو ہیڈن  بیٹسمین کے ساتھ تو فلیندر فاسٹ بولر کے ساتھ الگ الگ میٹنگ کریں گے۔

پاکستانی کیمپ سے آنے والی خبروں سے لگ رہا ہے کہ بڑے میچ سے قبل قومی ٹیم  ایک شکست کے بعد پریشر میں آگئی ہے۔

دوسری جانب بھارتی ٹیم کے کپتان نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں پریشر کے سوالات کو ایک منفرد انداز میں رد کردیا۔

واضح رہے کہ رواں ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں  پاکستان نے اپنا پہلا میچ روایتی حریف بھارت کے ساتھ 24 اکتوبر بروز اتوار کھیلنا ہے۔

یاد  رہے کہ گزشتہ روز  ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے وارم اپ میچ میں جنوبی افریقا نے پاکستان کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی تھی۔

مزید خبریں :