پاکستان
Time 17 نومبر ، 2021

فلور ملز کا سرکاری گندم اٹھانے سے انکار، آٹا 50 روپے مہنگا کرنے کا عندیہ

پنجاب فلور  ملز ایسوسی ایشن نے حکومتی پالیسیوں پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے گندم کا سرکاری کوٹہ نہ اٹھانے کا اعلان کر دیا۔

چیئرمین فلور ملز ایسوسی ایشن پنجاب ملک طاہر حنیف نے سربراہ فلور ملز ایسوسی ایشن عاصم رضا کے ہمراہ لاہورمیں پریس کانفرنس کی۔

پنجاب فلور ملز ایسوسی ایشن نے آئندہ ہفتے سے ہڑتال کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ آنے والے دنوں میں آٹے کا تھیلا مزید 50 روپے مہنگا ہو جائے گا۔

پریس کانفرنس میں چیئرمین پنجاب فلور ملز طاہر حنیف نے مطالبہ کیا کہ گندم کا کوٹہ 12 بوری سے بڑھا کر 18 بوری فی رولر باڈی کیا جائے، گندم کے گرائنڈنگ چارجز پر نظرثانی کی جائے اور خیبرپختونخوا اور دیگر صوبوں میں سفید آٹے کے تھیلے کی ترسیل کی اجازت دی جائے۔

دوسری جانب سربراہ فلور ملز ایسوسی ایشن عاصم رضا نے نئی فلورملز کو گندم کوٹے کے مطابق دینے کا مطالبہ کیا۔

انہوں نےکہا کہ پچھلے سال ان دنوں 24 ہزار ٹن روزانہ سرکاری گندم فراہم کی جا رہی تھی، اب 18 ہزار ٹن روزانہ دی جا رہی ہے، ایک ہفتے میں معاملات طے نہ ہوئے تو آئندہ منگل سے ہڑتال کی جائے گی۔

مزید خبریں :