کھیل
Time 19 نومبر ، 2021

دھونی کا مداح تقریباً 900 میل پیدل چل کر اپنے ہیرو سے ملنے پہنچ گیا

ایم ایس دھونی نے اپنے مداح کی محفوظ گھر واپسی کے لیے جہاز کی ٹکٹ کا بھی بندوبست کیا/ فوٹو بشکریہ کرک ٹریکر ڈاٹ کام
 ایم ایس دھونی نے اپنے مداح کی محفوظ گھر واپسی کے لیے جہاز کی ٹکٹ کا بھی بندوبست کیا/ فوٹو بشکریہ کرک ٹریکر ڈاٹ کام

بھارت کے سابق کپتان ایم ایس دھونی کا مداح ان سے ملنے کی خواہش لیے میلوں کا سفر پیدل طے کرکے پہنچ گیا۔

کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق بھارتی ریاست ہریانہ سے تعلق رکھنے والا نوجوان اجے گل اپنے ہیرو سے ملنے کے لیے رانچی پہنچا جس کے لیے اس نے پیدل 1436 کلو میٹر (892 میل) کا سفر طے کیا۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہےکہ یہ پہلی بار نہیں کہ دھونی کا یہ مداح ان سے ملنے کے لیے آیا بلکہ اس سے قبل بھی تین ماہ پہلے نوجوان دھونی سے ملنے کے لیے پیدل چل کر آیا تھا جس میں اس نے 16 دن سفر کیا تھا۔

رپورٹ کے مطابق اجے گل نے اس بار بھی دھونی سے ملنے کے لیے میلوں کا سفر پیدل طے کیا جس میں اسے 18 دن لگے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہےکہ سابق بھارتی کپتان دھونی نے نوجوان کی ملاقات کی خواہش کو نہ صرف پورا کیا بلکہ اسے اپنے فارم ہاؤس کا دورہ کرایا اور آٹو گراف بھی دیا جب کہ نوجوان کی فارم ہاؤس میں رہائش کے انتظامات بھی دھونی کی جانب سے کیے گئے۔

رپورٹ کے مطابق ایم ایس دھونی نے اپنے مداح کی محفوظ گھر واپسی کے لیے جہاز کی ٹکٹ کا بھی بندوبست کیا۔

ایم ایس دھونی اور نوجوان اجے گل کی اس دوران لی گئی ایک سیلفی بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہے۔

مزید خبریں :