دنیا
Time 19 نومبر ، 2021

عراق کے ارکان پارلیمنٹ سمیت اعلیٰ حکام کا لبنان سے جعلی ڈگریاں خریدنے کا انکشاف

عرب میڈیا کی رپورٹ میں بتایا گیا ہےکہ اس معاملے میں لبنان کی تین نجی یونیورسٹیوں کا نام سامنے آیا ہے/ فائل فوٹو
عرب میڈیا کی رپورٹ میں بتایا گیا ہےکہ اس معاملے میں لبنان کی تین نجی یونیورسٹیوں کا نام سامنے آیا ہے/ فائل فوٹو

عراق کے ارکان پارلیمنٹ سمیت اعلیٰ حکام کے لبنان سے جعلی ڈگریاں خریدنے کا انکشاف سامنے آیا ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق عراق نے اعلیٰ حکام اور ارکان پارلیمنٹ کو لبنانی یونیورسٹی کی جعلی ڈگریوں کی فروخت کے معاملے پر بیروت میں موجود اپنے کلچرل اتاشی کو تحقیقات کے لیے طلب کرلیا ہے۔

عرب میڈیا کی رپورٹ میں بتایا گیا ہےکہ اس معاملے میں لبنان کی تین نجی یونیورسٹیوں کا نام سامنے آیا ہے جس کے بعد لبنانی حکام نے بھی اس معاملے کی تحقیقات شروع کردی ہیں جس میں یہ کہا جارہا ہےکہ جن افراد کو جعلی ڈگریاں فروخت کی گئیں انہوں نے خود کو آن لائن کورسز کے لیے انرولڈ کرایا تھا۔

جعلی ڈگریاں لینے والے افراد میں متعدد ارکان پارلیمنٹ اور  اعلیٰ عہدیداران شامل ہیں جنہوں نے بھاری رقم کے عوض ماسٹرز، ڈاکٹریٹ اور مخصوص دینی مضامین میں ڈگریاں خریدیں۔

رپورٹس میں بتایا گیا ہےکہ فروخت کی گئی جعلی ڈگریوں کی تعداد سیکڑوں میں ہے جس میں ماسٹرز کی ڈگری کے لیے 5 ہزار ڈالر اور پی ایچ ڈی کی ڈگری کے لیے 10 ہزار ڈالر کی رقم ادا کی گئی۔

عراق کی ہائر ایجوکیشن منسٹری کے ترجمان کا کہنا تھا کہ اس معاملے پر کلچرل اتاشی کو بغداد طلب کیا گیا ہے۔

لبنانی میڈیا کا بتانا ہےکہ اس اسکینڈل کے سامنے آنے کے بعد لبنان کی ایک یونیورسٹی نے اپنے صدر اور چار شعبہ جات کے سربراہوں کو برطرف کردیا ہے۔

مزید خبریں :