پاکستان
Time 26 نومبر ، 2021

سندھ ترقیاتی پلان، وزیراعظم کی منصوبوں کی مقررہ مدت میں تکمیل یقینی بنانے کی ہدایت

سندھ ترقیاتی پلان کا مقصد 14 اضلاع کے باسیوں کی معاشی اور معاشرتی ترقی ہے، وزیراعظم عمران خان— فوٹو: پی آئی ڈی
سندھ ترقیاتی پلان کا مقصد 14 اضلاع کے باسیوں کی معاشی اور معاشرتی ترقی ہے، وزیراعظم عمران خان— فوٹو: پی آئی ڈی

وزیراعظم عمران خان نے سندھ ترقیاتی پلان کی پیشرفت سے متعلق اجلاس میں منصوبوں پر مقررہ مدت میں معیاری کام کو یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔

وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت سندھ ترقیاتی پلان پر پیشرفت کا جائزہ اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزرا ڈاکٹر فہمیدہ مرزا، اسد عمر اور محمد حماد اظہر شریک ہوئے۔

اجلاس میں وزیراعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ مالی سال 22-2021 کیلئے پلان کے تحت 26 ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دی جا چکی ہے، 8 وفاقی وزارتوں اور محکموں کو 16.304 ارب روپے کی منظوری بھی دی جا چکی ہے۔

سندھ ترقیاتی پلان میں سڑکوں، موٹر وے، ہاؤسنگ، آئی ٹی و ٹیلی کام، آبی وسائل، صحت، اعلیٰ تعلیم، ووکیشنل ٹریننگ، ڈیزاسٹر منیجمنٹ، ریلوے، توانائی اور کھیلوں کی سہولیات کے منصوبے شامل ہیں۔

اس حوالے سے وزیراعظم نے کہا کہ سندھ ترقیاتی پلان کا مقصد 14 اضلاع کے باسیوں کی معاشی اور معاشرتی ترقی ہے۔

وزیراعظم نے متعلقہ محکموں کو حیدرآباد تا سکھر موٹروے اور بدین جبکہ گھوٹکی، تھر، میرپور خاص، ٹنڈو محمد خان، حیدرآباد اور سانگھڑ میں اسپورٹس کمپلیکس کی تعمیر کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ منصوبوں کی مقررہ مدت میں تکمیل، شفافیت اور معیاری کام کو یقینی بنایا جائے۔ 

مزید خبریں :