پاکستان
Time 26 نومبر ، 2021

وزیراعظم کی زیرصدارت پارٹی رہنماؤں کا اجلاس، مریم کی آڈیو ٹیپ پر بھی گفتگو

وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت پارٹی رہنماؤں کے اجلاس میں مسلم لیگ (ن) کی مرکزی نائب صدر مریم نواز کی آڈیو ٹیپ پر بھی گفتگو کی گئی۔

وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت پارٹی رہنماؤں کا اجلاس ہوا جس میں ملکی سیاسی و معاشی صورتحال پر غور کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے آٹا اوریوریا کھاد کے بحران کاذمہ دارسندھ حکومت کو قرار دیا اور کہا کہ سندھ حکومت نے ذخیرہ اندوزوں کےخلاف کارروائی نہیں کی۔

ذرائع نے بتایا کہ وزیراعظم نے کہا کراچی میں مہنگائی کے اشاریے سب سے زیادہ ہیں۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں مریم نواز کی آڈیو ٹیپ پر بھی گفتگو ہوئی اور وزیراعظم نے کہا یہ ہمیں فاشسٹ کہتے ہیں یہ خود اس سے بڑھ کر ہیں۔

وزیراعظم کے مطابق ن لیگ نے میڈیا میں تقسیم پیدا کرنے کی کوشش کی، مریم نے کس حیثیت سے یہ بات کی؟

ذرائع کے مطابق وزارت اطلاعات نے وزیراعظم کو اشتہارات سے متعلق بریفنگ دی جبکہ وزارت اطلاعات نے کارروائی سے متعلق بھی وزیراعظم کو آگاہ کیا۔

وزیراعظم نے کہا یہ کہتے ہیں ہم میڈیاپرپابندی لگارہےہیں،ان کا کچاچٹھا سب کے سامنےآگیا۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی آڈیو میں مریم نواز کسی کو کہہ رہی ہیں کہ چار چینلز کو کوئی اشتہار نہیں جائے گا۔

دو روز قبل ہی  مریم نواز نے 4 چینلز کے اشتہارات روکنے سے متعلق اپنی آڈیو کے درست ہونے کا اعتراف کیا تھا جبکہ مسلم لیگ (ن) کا کہنا تھاکہ مریم نوازکی گفتگو پارٹی اشتہارات سے متعلق تھی، یہ پرانی آڈیوہے جس پرمریم نواز نےجرات کے ساتھ سچ بولا۔

مزید خبریں :