کھیل
Time 28 نومبر ، 2021

ویسٹ انڈیز کیخلاف ہوم سیریز، محمد یوسف کو اہم ذمہ داری ملنے کا امکان

ویسٹ انڈین ٹیم وائٹ بال سیریز کے لئے 9 دسمبر کو کراچی پہنچے گی—فوٹو: آئی سی سی
ویسٹ انڈین ٹیم وائٹ بال سیریز کے لئے 9 دسمبر کو کراچی پہنچے گی—فوٹو: آئی سی سی

ویسٹ انڈیز کیخلاف ہوم سیریز میں پاکستان ٹیم کا کوچنگ سیٹ اپ عارضی ہوگا۔

مصباح الحق اور وقار یونس کے جانے کے بعد پاکستان ٹیم کا عارضی کوچنگ سیٹ کام کر رہا ہے جب کہ ثقلین مشتاق اس وقت پاکستان کرکٹ ٹیم کے عبوری ہیڈ کوچ ہیں۔

ذرائع کے مطابق نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر کے بیٹنگ کوچ محمد یوسف کو عارضی ذمہ داریاں دینے پر غور کیا جا رہا ہے جبکہ نیشنل ہائی پرفارمنس میں بولنگ کوچ کا خالی عہدہ پر کرنے کے لیے سابق فاسٹ بولر عمر گل کو وقتی طور پر قومی ٹیم کے ساتھ بولنگ کوچ کی ذمہ داریاں دی جا سکتی ہیں۔

اس کے علاوہ بیٹنگ کنسلٹنٹ میتھیو ہیڈن نے بھی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ تک خدمات انجام دیں جبکہ بولنگ کنسلٹنٹ ورنن فلینڈر بنگلہ دیش کیخلاف پہلے ٹیسٹ کے بعد یکم دسمبر سے پاکستانی ٹیم سے الگ ہو جائیں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ویسٹ انڈیز کیخلاف ہوم سیریز میں بھی پاکستان ٹیم کا عارضی کوچنگ سیٹ اپ ہوگا، بیٹنگ اور بولنگ کے عارضی کوچز کی تعیناتی کی جائے گی اور پی سی بی نے تقرریوں کے حوالے سے مشاورت بھی شروع کر دی ہے۔

واضح رہے کہ ویسٹ انڈیز کی ٹیم وائٹ بال سیریز کے لیے 9 دسمبر کو کراچی پہنچے گی، سیریز میں تین ٹی ٹوئنٹی اور تین ون ڈے میچز شامل ہیں، قومی ٹیم کے مستقل کوچز کیلئے پاکستان کرکٹ بورڈ جلد اشتہار دے گا۔

مزید خبریں :