دنیا
Time 29 نومبر ، 2021

جنوبی افریقا کے صدر نے پابندیوں کو امتیازی سلوک قرار دیکر فوری خاتمے کا مطالبہ کردیا

جنوبی افریقا کے صدر نے کورونا کا نیا ویرینٹ سامنے آنے کے بعد لگنے والی پابندیوں کو فوری واپس لینے کا مطالبہ کردیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق جنوبی افریقا کے صدر سرل راما فوسا نے اپنے ملک پر عائد سفری پابندیوں کو غیر سائنسی قرار دیتے ہوئے اسے فوری اٹھانے کا مطالبہ کیا ہے۔

قوم سے خطاب میں افریقی صدر سرل راما فوسا کا کہنا تھا کہ ہم افریقا اور افریقی ممالک پرسفری پابندیاں عائد کرنے والے ممالک سے فوری طور پر اپنے فیصلے واپس لینے کا مطالبہ کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جن سفری پابندیوں کا افریقا کو سامنا ہے اس کی کوئی سائنسی وجہ نہیں ہے، سفری پابندیاں صرف اور صرف پہلے سے متاثرہ ممالک کی معیشت کو مزید نقصان پہنچائیں گی اور انہیں کورونا سے بحالی میں مشکلات پیش آئیں گی۔

جنوبی افریقی کے صدر نے سفری پابندیوں کو امتیازی سلوک اور نا انصافی قرار دیا۔

جنوبی افریقا سے سامنے آنے والی کورونا کی نئی قسم اومی کرون کو عالمی ادارہ صحت نے انتہائی مہلک قرار دیا ہے جس کے بعد دنیا کے کئی ممالک سے جنوبی افریقا اور افریقی ممالک پر سفری پابندیاں عائدکی  گئی ہے۔