دنیا
Time 29 نومبر ، 2021

کورونا: سعودی عرب نے ائیرلائنز کو اہم ہدایات جاری کردیں

سعودی سول ایوی ایشن کے مطابق اس نئی پالیسی کا اطلاق 4 دسمبر 2021 سے ہوجائے گا— فوٹو: فائل
سعودی سول ایوی ایشن کے مطابق اس نئی پالیسی کا اطلاق 4 دسمبر 2021 سے ہوجائے گا— فوٹو: فائل 

سعودی عرب نے کورونا وائرس کے تناظر میں مملکت میں آپریٹ کرنے والی تمام ائیرلائنز کو اہم ہدایات جاری کی ہیں۔

سعودی گزٹ کے مطابق سعودی عرب کی جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن (جی اے سی اے) نے سعودی عرب میں کام کرنے والی تمام فضائی کمپنیوں کو ہدایات دی ہیں کہ وہ ان تمام افراد کو براہ راست سعودیہ لاسکتی ہیں جنہوں نے کم سے کم کورونا ویکسین کی ایک ڈوز سعودی عرب میں ہی لگوائی ہو۔

سعودی سول ایوی ایشن کا کہنا ہے کہ ائیرلائن دنیا کے کسی بھی ملک سے مسافروں کو مملکت میں براہ راست لاسکتی ہیں بشرطیکہ مسافروں نے کورونا ویکسین کی ایک ڈوز سعودیہ میں لگوائی ہو اور وہ ریاستی مرکز میں 3 دن کا قرنطینہ مکمل کرنے کیلئے رضا مند ہوں۔

سعودی سول ایوی ایشن کے مطابق اس نئی پالیسی کا اطلاق 4 دسمبر 2021 سے ہوجائے گا اور ائیرلائن کمپنیوں کو چاہیے کہ وہ مسافروں کو سعودی عرب میں رہتے ہوئے حفاظتی اقدامات اور ایس او پیز پر عمل درآمد کی اہمیت سے آگاہ کریں۔

خیال رہے کہ سعودی عرب نے حال ہی میں پاکستان و دیگر ممالک کو سفری پابندیوں کی فہرست سے خارج کیا ہے اور اب ان ملکوں کے شہریوں کو سعودیہ میں داخل ہونے کیلئے کسی تیسرے ملک میں 14 روز کا قرنطینہ مکمل کرنے کی ضرورت نہیں۔

لیکن گزشتہ ہفتے کورونا کا نیا ویرینٹ اومی کرون سامنے آنے کے بعد ایک بار پھر سعودی عرب نے جنوبی افریقا سمیت 7 ممالک پر سفری پابندیاں عائد کی ہیں تاہم پاکستان فی الحال اس فہرست میں شامل نہیں ہے۔

مزید خبریں :