کھیل
Time 01 دسمبر ، 2021

10 نمبر کی جرسی کے ساتھ کھیلنے والے 10 بڑے کرکٹرز

دس نمبر کی جرسی پہننے والوں میں ماضی کے کئی کرکٹر شامل ہیں: فائل فوٹو
دس نمبر کی جرسی پہننے والوں میں ماضی کے کئی کرکٹر شامل ہیں: فائل فوٹو

کرکٹرز کے لیے ان کی جرسی کے نمبرز خاصے اہمیت رکھتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ اکثر کرکٹرز اپنی جرسی پر ایسا کوئی خاص نمبر لکھوانا چاہتے ہیں جس سے وہ متاثر ہوں یا اس نمبر کی جرسی پہننے والا کرکٹر ان کا آئیڈیل ہو۔

اسی حوالے سے بات کی جائے تو کرکٹ کی تاریخ میں 10 نمبر کی جرسی کو خاصی اہمیت حاصل ہے کیونکہ حیرت انگیز طور پر اس نمبر کی جرسی پہننے والے کرکٹرز کی کارکردگی ایسی رہی ہے کہ وہ کرکٹ کی تاریخ میں اچھے کھلاڑیوں کے نام سے جانے جاتے ہیں۔

اسی مناسبت سے آج ہم آپ کو 10 ایسے بہترین کرکٹرز کے بارے میں بتانے والے ہیں جنہوں نے 10 نمبر کی جرسیاں زیب تن کیں۔

سچن ٹنڈولکر

فائل فوٹو: سچن ٹنڈولکر
فائل فوٹو: سچن ٹنڈولکر

بھارتی ٹیم کے سابق کپتان اور لیجنڈ کرکٹر سچن ٹنڈولکر نے اپنے انٹرنیشنل کیرئیر کا آغاز 99 نمبر کی جرسی سے کیا تھا جس کے بعد انہوں نے اپنا نمبر 33 کیا لیکن کیرئیر کے عروج پر ٹنڈولکر نے 10 نمبر کی جرسی پہنی اور وہ ریٹائرمنٹ تک اسی نمبر کے ساتھ کھیلتے رہے۔

بھارت کے لیجنڈ کرکٹر نے اپنے شاندار ٹیسٹ اور ون ڈے کیرئیر میں 100 سنچریاں بنائیں۔

سچن ٹنڈولکر نہ صرف بھارتی ٹیم میں اس نمبر کی جرسی کے ساتھ کھیلے بلکہ آئی پی ایل میں ممبئی انڈینز کے ساتھ بھی وہ 10 نمبر کی جرسی کے ساتھ کھیلتے رہے۔

کریگ مک ملن

فائل فوٹو: مک ملن
فائل فوٹو: مک ملن

نیوزی لینڈ کے سابق کرکٹر کریگ مک ملن بھی 10 نمبر کی جرسی کے ساتھ کھیلنے والے کرکٹرز میں شامل ہیں اور انہوں نے اپنے کیرئیر کے زیادہ تر میچز اسی نمبر کی جرسی کے ساتھ کھیلے۔

دائیں ہاتھ کے کیوی بلے باز اور میڈیم پیسر نے 55 ٹیسٹ اور 197 ون ڈے کھیلے جس میں انہوں نے بالترتیب 3116 اور 4707 رنز بنائے جبکہ انہوں نے 8 ٹی ٹوئنٹی میچز میں بھی نیوزی لینڈ کی نمائندگی کی۔

ڈیوڈ ملر:

فائل فوٹو: ڈیوڈ ملر
فائل فوٹو: ڈیوڈ ملر

جنوبی افریقا کے مایہ نازبلے باز ڈیوڈ ملر کی جرسی کا بھی نمبر دس ہے جو اب بھی ٹیم کے ٹیسٹ فارمیٹ میں شامل ہیں۔

ملر نے جنوبی افریقا کی طرف سے 137 ون ڈے اور 95 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے، ون ڈے میں انہوں نے 3367 اور ٹی ٹوئنٹی میں 1789 رنز بنائے جب کہ ملر کی ون ڈے میچز میں 5 سنچریاں اور 16 نصف سنچریاں ہیں، اس کے علاوہ انہوں نے ٹی ٹوئنٹی میں بھی ایک سنچری بنائی۔

شاہد آفریدی

فائل فوٹو: شاہد آفریدی
فائل فوٹو: شاہد آفریدی

پاکستان ٹیم کے اسٹار آل راؤنڈر شاہد آفریدی سب کے پسندیدہ کھلاڑی ہیں اور بوم بوم آفریدی کی جرسی کا نمبر بھی 10 تھا۔

سابق کپتان شاہد آفریدی اپنے ڈیبیو سے ریٹائرمنٹ تک اسی نمبر کے ساتھ میدان میں اترے اور حریف ٹیم کے خوب چھکے چھڑائے۔

جارح مزاج آل راؤنڈر کے پاس 37 گیندوں پر تیز ترین سنچری بنانے کا ریکارڈ ہے اور انہوں نے ون ڈے انٹرنیشنل میچز میں سب سے زیادہ چھکے بھی لگائے ہیں۔

شاہد آفریدی نے پاکستان کی طرف سے 398 ون ڈے اور 99 ٹی ٹوئنٹی کھیلے، ون ڈے میں ان کا اسکور 8064 اور ٹی ٹوئنٹی میں 1416 رہا جب کہ انہوں نے ون ڈے انٹرنیشنل میں 395 اور ٹی ٹوئنٹی میں 98 وکٹیں اپنے نام کیں۔

شاہین شاہ آفریدی

فائل فوٹو: شاہین آفریدی
فائل فوٹو: شاہین آفریدی

پاکستان کرکٹ ٹیم میں شاہد آفریدی کے بعد فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کے حصے میں بھی نمبر 10 کی جرسی آئی جس پر انہوں نے اس نمبر کو اپنے لیے اعزاز قراردیا جو اس سے قبل 40 نمبر کی جرسی پہنتے تھے۔

شاہین شاہ آفریدی پاکستان کے مایہ ناز فاسٹ بولر ہیں اور انہوں نے حالیہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں شاندار بولنگ کا مظاہرہ کیا۔

بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر اب تک 20 ٹیسٹ میچز کھیل چکے ہیں جس میں انہوں نے 83 وکٹیں حاصل کی ہیں جب کہ 28 ون ڈے میں ان کی 53 وکٹیں اور 37 ٹی ٹوئنٹی میں 41 وکٹیں ہیں۔

ڈیرن لیمن

فائل فوٹو: لیمن
فائل فوٹو: لیمن

آسٹریلوی کرکٹر ڈیرن لیمن بھی اپنے دور کے بہترین کرکٹرز میں شمار کیے جاتے ہیں اور انہوں نے بھی اپنے کیرئیر میں 10 نمبر کی جرسی پہنی۔

انہوں نے 1996 میں اپنے کیرئیر کا آغاز کیا اور 2004 میں 10 نمبر کی جرسی پہنچی۔

لیمن نے کینگروز کی طرف سے 117 ون ڈے کھیلے جس میں 3078 رنز بنائے۔

گرینٹ جونس

فائل فوٹو: گرینٹ جونس
فائل فوٹو: گرینٹ جونس

انگلینڈ کے سابق وکٹ کیپر بلے باز گرینٹ جونس نے بھی اپنے پورے کیرئیر میں 10 نمبر کی جرسی پہنی اور وہ 2004 سے 2006 کے دوران وکٹ کیپر کے طور پر انگلش ٹیم کی پہلی چوائس سمجھے جاتے تھے۔

جونس نے انگلینڈ کی طرف سے 51 ون ڈے اور 34 ٹیسٹ میچ کھیلے جس میں ان کا اسکور بالترتیب 862 اور 1172 رہا۔

شاردُل ٹھاکر

فائل فوٹو: شردن ٹھاکر
فائل فوٹو: شردن ٹھاکر

ٹنڈولکر کے بعد شاردُل ٹھاکر وہ واحد بھارتی کرکٹر ہیں جن کے حصے میں 10 نمبر آیا لیکن انہیں دس نمبر ملنے پر سچن کے مداحوں کی جانب سے تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔

بعد ازاں بھارتی کرکٹ بورڈ نے شدید تنقید کے بعد 10 نمبر کی جرسی کو خاموشی سے ریٹائرڈ کردیا۔

شاردُل ٹھاکر اس وقت بھی تینوں فارمیٹ میں بھارتی ٹیم کا حصہ ہیں، وہ بھارت کی طرف سے 4 ٹیسٹ، 15 ون ڈے اور 24 ٹی ٹوئنٹی کھیل چکے ہیں جس میں ٹیسٹ میں 14، ون ڈے میں 22 اور ٹی ٹوئنٹی میں 31 وکٹیں لے چکے ہیں۔

ایلن ڈونلڈ

فائل فوٹو: ایلن ڈونلڈ
فائل فوٹو: ایلن ڈونلڈ

جنوبی افریقا کے سابق لیجنڈ کرکٹر ایلن ڈونلڈ کی جرسی کا نمبر بھی 10 تھا اور وہ پہلے جنوبی افریقی کرکٹر تھے جنہوں نے 300 وکٹیں حاصل کیں۔

ایلن ڈونلڈ ٹیسٹ میچز میں جنوبی افریقا کی طرف سے سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے چوتھے کرکٹر ہیں۔

انہوں نے 72 ٹیسٹ میچز میں 330 اور 164 ون ڈے میں 272 وکٹیں حاصل کیں۔

پیٹر سڈل

فائل فوٹو: پیٹر سڈل
فائل فوٹو: پیٹر سڈل

آسٹریلیا کے فاسٹ بولر پیٹر سڈل نے بھی 2008 سے 2019 تک 10 نمبر کی جرسی کے ساتھ کھیلا۔

انہوں نے آسٹریلیا کی طرف سے 67 ٹیسٹ اور 20 ون ڈے میچز کھیلے جس میں ٹیسٹ فارمیٹ میں 221 اور ون ڈے میں 17 وکٹیں لیں۔

مزید خبریں :