پاکستان
Time 03 دسمبر ، 2021

وزیراعظم اور آرمی چیف کی سیالکوٹ واقعے کی مذمت

سری لنکن منیجرکو زندہ جلانے کا واقعہ پاکستان کیلئے شرم کا دن ہے، وزیراعظم عمران خان— فوٹو:فائل
سری لنکن منیجرکو زندہ جلانے کا واقعہ پاکستان کیلئے شرم کا دن ہے، وزیراعظم عمران خان— فوٹو:فائل

وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے  سیالکوٹ میں مشتعل افراد کے ہاتھوں سری لنکا سے تعلق رکھنے والے فیکٹری منیجر پرانتھا کمارا کے قتل کی شدید مذمت کی ہے۔

اپنی ٹوئٹ میں وزیر اعظم کا کہنا تھاکہ سری لنکن منیجرکو زندہ جلانے کا واقعہ پاکستان کیلئے شرم کا دن ہے۔

ان کا کہنا تھاکہ واقعے کی تحقیقات کی خود نگرانی کررہا ہوں اور واقعے میں ملوث افراد کو قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے گی۔

وزیراعظم کا کہنا تھاکہ واقعے میں ملوث افراد کی گرفتاری کا عمل جاری ہے۔

ایسے ماورائے عدالت اقدام قطعاً ناقابل قبول ہیں، آرمی چیف

دوسری جانب آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سیالکوٹ میں مشتعل افراد کے ہاتھوں غیرملکی فیکٹری منیجر کے قتل کی مذمت کی ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر باجوہ کا کہنا تھاکہ سیالکوٹ میں مشتعل ہجوم کے ہاتھوں پرانتھا کمارا کا قتل قابل مزمت اور شرمناک ہے۔

ان کا کہنا تھاکہ ایسے ماورائے عدالت اقدام قطعاً ناقابل قبول ہیں۔

آرمی چیف کا کہنا تھاکہ گھناؤنے جرم کے مرتکب افراد کو کیفر کردار تک پہنچانے کیلئے سول انتظامیہ کو مدد فراہم کی جائے گی۔

خیال رہے کہ سیالکوٹ میں نجی فیکٹری کا سری لنکن منیجر فیکٹری ملازمین کے تشدد سے ہلاک ہوگیا۔

مشتعل افراد نے لاش کو سڑک پر گھسیٹا اور آگ لگا دی، مشتعل افراد کا دعویٰ ہے کہ مقتول نے مبینہ طور پر مذہبی جذبات مجروح کیے تھے۔

واقعے کے بعد 50 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔

مزید خبریں :