پاکستان
Time 03 دسمبر ، 2021

’سری لنکا ہم آپ کے مجرم ہیں‘، سیالکوٹ واقعے پر سیاستدانوں کا ردعمل

پاکستان کی مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے سیالکوٹ واقعے پر مذمت کی ہے۔ —فوٹو: فائل
پاکستان کی مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے سیالکوٹ واقعے پر مذمت کی ہے۔ —فوٹو: فائل 

پاکستان کی مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے  سیالکوٹ میں مشتعل افراد کے ہاتھوں سری لنکا سے تعلق رکھنے والے فیکٹری منیجر پرانتھا کمارا کے قتل کی شدید مذمت کی ہے۔

ن لیگ کے رہنما پرویز رشید نے سیالکوٹ میں سری لنکن شہری کی ہلاکت پر سری لنکا سے معافی مانگتے ہوئے کہا ہے کہ 'وہ اپنے ہم وطنوں کو سمجھانے میں ناکام ہوئے ہیں'۔

 پرویز رشید نے سماجی ویب سائٹ پر لکھا' سری لنکا ہم آپ کے مجرم ہیں'۔

اس کے علاوہ  پیپلز پارٹی کے مصطفیٰ نواز کھوکھر نے کہا کہ' سیالکوٹ واقعہ اور اس کے تمام کردار تماشائیوں سمیت انسانیت کے نام پر دھبا ہیں' ۔

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے سیالکوٹ واقعے کو اسلام اور انسانیت کی توہین قرار دیتے ہوئے واقعے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات اور مجرموں کی گرفتاری اور قرار واقعی سزا دینے کا مطالبہ کر دیا ہے۔ 

خیال رہے کہ سیالکوٹ میں نجی فیکٹری کا سری لنکن منیجر فیکٹری ملازمین کے تشدد سے ہلاک ہوگیا۔

مشتعل افراد نے لاش کو سڑک پر گھسیٹا اور آگ لگا دی، مشتعل افراد کا دعویٰ ہے کہ مقتول نے مبینہ طور پر مذہبی جذبات مجروح کیے تھے۔

واقعے کے بعد 50 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔

مزید خبریں :