پاکستان
Time 05 دسمبر ، 2021

ن لیگ اور پی پی پی خالی میدان میں بھی کھیل نہیں جیت سکتے، فواد کا ردعمل

لاہور کے انتخابات میں ووٹنگ کی شرح انتہائی کم رہی، وفاقی وزیر اطلاعات— فوٹو:فائل
لاہور کے انتخابات میں ووٹنگ کی شرح انتہائی کم رہی، وفاقی وزیر اطلاعات— فوٹو:فائل

لاہور میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 133 کے ضمنی انتخاب پر وزیراطلاعات فواد چوہدری نے ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

اپنی ٹوئٹ میں فواد چوہدری کا کہنا تھاکہ لاہور کے انتخابات میں ووٹنگ کی شرح انتہائی کم رہی جس سے ثابت ہوتا ہے کہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی خالی میدان میں بھی کھیل نہیں جیت سکتے۔

ان کا کہنا تھاکہ  تمام ترپروپیگنڈے کے باوجود تحریک انصاف ہی میدان کی اصل کھلاڑی ہے اور پی ٹی آئی کے بغیرمیدان ویران ہے۔

خیال رہے کہ لاہور میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 133 کے ضمنی انتخاب میں مسلم لیگ (ن) کی امیدوار شائستہ پرویز ملک کو برتری حاصل ہے۔

واضح رہے کہ این اے 133 لاہور کی نشست مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی پرویز ملک کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی۔

جمشید چیمہ اور ان کی اہلیہ کے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے بعد حلقے میں پی ٹی آئی کا کوئی امیدوار میدان میں نہیں ہے۔

مزید خبریں :