دنیا
Time 06 دسمبر ، 2021

پیوٹن کی مودی سے ملاقات، بھارت کو S400 میزائل دفاعی نظام کی ترسیل شروع

بھارت اور روس کے درمیان 28 سرمایہ کاری کے معاہدوں پر دستخط ہوگئے ہیں۔ —فوٹو: نریندر مودی ٹوئٹر
بھارت اور روس کے درمیان 28 سرمایہ کاری کے معاہدوں پر دستخط ہوگئے ہیں۔ —فوٹو: نریندر مودی ٹوئٹر

روسی صدر ولادی میر  پیوٹن  کے دورہ بھارت کے موقع پر بھارت اور روس کے درمیان 28 سرمایہ کاری  کے معاہدوں پر دستخط ہوگئے ہیں۔

روس کے صدر ولادی میر پیوٹن پیر کے روز بھارت پہنچے جہاں انہوں نے نئی دلی میں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کی ۔

بھارتی سیکرٹری خارجہ کا کہنا ہے کہ روسی صدر ولادی میر پیوٹن کے دورہ بھارت میں  دونوں ملکوں کےدرمیان اسٹیل،شپ بلڈنگ،کوئلے اور توانائی سے متعلق معاہدے طے پائے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق بھارت میں کلاشنکوف اسالٹ رائفلز بنانے کیلئے ماسکو اور دلی کے درمیان ایک الگ معاہدہ بھی طے پایا ہے ، معاہدے کے تحت بھارت 6 لاکھ سے زائد اے کے 203 اسالٹ رائفلز بنائے گا۔

روسی ایس 400 دنیا کے بہترین دفاعی میزائل نظام میں سے ایک ہے —فوٹو: فائل
 روسی ایس 400 دنیا کے بہترین دفاعی میزائل نظام میں سے ایک ہے —فوٹو: فائل 

بھارتی سیکرٹری خارجہ کے مطابق بھارت کو رواں ماہ روسی میزائل سسٹم ایس 400 کی ترسیل شروع ہوگئی ہیں جو اب جاری رہے گی۔

دورہ بھارت کے موقع پر روسی صدر پیوٹن کا کہنا تھا کہ ہم بھارت کو ایک عظیم طاقت، ایک دوست ملک سمجھتے ہیں ۔

اس کے علاوہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے روسی صدر کو بھارت آنے  شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ' ہم نے  تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، دفاع، سائنس اور ٹیکنالوجی اور ثقافتی تعاون کو   مذید بڑھانے کیلئے تبادلہ خیال کیا'۔

واضح رہے کہ امریکی دباؤ کے باوجود بھارت نے روس کے ساتھ 2018 میں5 دفاعی میزائل سسٹم کی خریداری کا 5.5 ارب ڈالر کا معاہدہ کیا تھا۔

مزید خبریں :