پاکستان
Time 14 دسمبر ، 2021

کے الیکٹرک نے ایس اینڈ پی گلوبل پلیٹس انرجی ایوارڈ جیت لیا

توانائی کے شعبے میں ’آسکر‘ کی حیثیت کے حامل اس ایوارڈ کو پہلی بار کسی پاکستانی کمپنی نے حاصل کیا ہے— فوٹو: کے ای
توانائی کے شعبے میں ’آسکر‘ کی حیثیت کے حامل اس ایوارڈ کو پہلی بار کسی پاکستانی کمپنی نے حاصل کیا ہے— فوٹو: کے ای

دنیا میں توانائی کے شعبے میں انتہائی اہمیت کے حامل اور سب سے باوقار فورم ایس اینڈ پی گلوبل پلیٹس انرجی ایوارڈز نے کے الیکٹرک (کے ای) کو کارپوریٹ سماجی ذمہ داری (سی ایس آر) کیٹیگری میں ’روشنی باجی ویمن ایمبیسیڈر پروگرام‘ کے لیے فاتح قرار دیا ہے۔؎

اس ایوارڈ کو توانائی کے شعبے میں ’آسکر‘ کی حیثیت حاصل ہے جس کی 23 ویں سالانہ ایوارڈ کی تقریب  مین ہٹن، امریکا میں منعقد ہوئی۔

ایوارڈ کے لیے 29 ممالک کی 190سے زائد کمپنیوں کو فائنلسٹ کے طور پر منتخب کیا گیا تھا، جن میں 11 ممالک سے 20 کمپنیوں کو مختلف کیٹیگریز میں ایوارڈز  دیے گئے۔

کے ای کو رواں سال تین کیٹیگریز میں فائنسلٹ منتخب کیا گیا تھا۔ 1999ء سے باقاعدگی سے سالانہ طور پر منعقد ہونے والے اس ایوارڈ میں پہلی بار کوئی پاکستانی کمپنی فاتح بنی ہے۔

یہ قابل فخر اعزاز کے الیکٹرک کو روشنی باجی پروگرام کے ذریعے خواتین کو بااختیار بنانے اور معاشرے کی بہتری کے لیے کیے گئے اقدامات کے اعتراف میں دیا گیا ہے۔

کے ای نے اس پروگرام کا آغاز ایک سادہ لیکن طاقتور مقصد کے تحت کیا تھاجس سے خواتین کو معاشی طور پر خود کفیل بنایا جاسکے۔  اس مقصد کے تحت انہیں رہائشی علاقوں میں سفیر بناکر بھیجا گیا تاکہ وہاں کے مکینوں کو اپنی حفاظت، بجلی چوری کے خطرات اور توانائی کے تحفظ کے بارے میں آگاہی فراہم کی جاسکے۔

کے الیکٹرک نے ان خواتین کو موٹر سائیکل چلانا سکھانے کے ساتھ ساتھ اس کی دیکھ بھال کے طریقے بھی سکھائے۔ مارشل آرٹس اور سیلف ڈیفنس کی تربیت کے ساتھ انہیں مختلف مہارتوں سے آراستہ بھی کیا۔ یہ خواتین پاکستان کی پہلی سند یافتہ خواتین الیکٹریشنز بھی بنیں۔

مزید خبریں :