’پتہ نہیں تھا مرنا بھی ہے‘، صنم چوہدری نے شوبز چھوڑنے کی کہانی بتا دی

سابق گلوکار نجم شیراز نے میرے اس سفر میں کافی مدد کی اور میرے موجودہ ٹیچر بابر چوہدری سے متعارف کروایا، صنم چوہدری—فوٹو: اسکرین گریب
سابق گلوکار نجم شیراز نے میرے اس سفر میں کافی مدد کی اور میرے موجودہ ٹیچر بابر چوہدری سے متعارف کروایا، صنم چوہدری—فوٹو: اسکرین گریب

پاکستانی شوبز انڈسٹری کی سابقہ اداکارہ صنم چوہدری نے اداکاری کو خیر باد کہنے کی وجوہات بتا دیں۔

صنم چوہدری نے انسٹاگرام پر خصوصی طور پر لائیو سیشن کیا جس میں انہوں نے شوبز چھوڑنے کے فیصلے سے متعلق مداحوں کو بتایا۔

انہوں نے کہا کہ میں نے اداکاری میں کامیابی حاصل کرنے کے لیے دِن رات محنت کی اور کامیاب بھی ہوئی، مجھے بہترین اداکارہ کا ایوارڈ بھی مِلا، زندگی بالکل سیٹ تھی اور بہت مزہ آرہا تھا۔

صنم چوہدری نے جذباتی انداز میں اللہ کا شکر ادا کرتے ہوئے کہا کہ میں جو مانگتی تھی وہ اللہ مجھے دے دیتا تھا، مجھے شادی کرنی تھی، اللہ تعالیٰ نے کروادی، اولاد عطا کی مجھے ہر چیز سے نوازا۔

صنم چوہدری 2019 میں گلوکار سومی چوہان سے رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئی تھیں—فوٹو: فائل
صنم چوہدری 2019 میں گلوکار سومی چوہان سے رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئی تھیں—فوٹو: فائل

سابقہ اداکارہ نے کہا کہ ایک بات جو میرے دل سے نکل رہی ہے وہ یہ کہ اصل میں مجھے پتہ نہیں تھا کہ مرنا بھی ہے، یہ وہ وقت تھا جب مجھے احساس ہوا کہ کہیں میں بطور اداکارہ دنیا کو خوش کرنے کے لیے اپنے رب کو ناراض تو نہیں کر رہی۔

صنم نے بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ میرے پاس سب کچھ تھا لیکن پھر بھی کچھ کمی لگتی تھی، بعد میں احساس ہوا کہ میرے پاس سکون نہیں تھا، ہر طرف ایک دوڑ لگی ہوئی تھی، سمجھ نہیں آتا تھا کہ اس کا اختتام کیا ہوگا۔

سابقہ اداکارہ نے مزید کہا کہ اس وقت مجھے لگا تھا شاید کام نہ کرنے کی وجہ سے ایسا ہے، میں نے بیٹے کی پیدائش کے بعد اپنا وزن کم کیا اور تمام پروڈکشن ہاؤسز سے رابطے کیے اور انہیں وقت دے دیا کہ اس ماہ میں کام کا آغاز کروں گی۔

انہوں نے کہا کہ ایک دن میں نے خود سے سوال کیا تو احساس ہوا کہ آخر زندگی میں مجھے چاہیے کیا؟ سب کچھ ہونے کے باوجود مزید کس چیز کی خواہش ہے؟ میں نے اپنی تمام تر توجہ قرآن کی طرف لگائی، اسے پڑھنا شروع کیا اور تفسیر پڑھی جس نے میری زندگی بدل دی۔

صنم چوہدری نے اپنے لائیو سیشن کے دوران بتایا کہ سابق گلوکار نجم شیراز نے ان کے اس سفر میں کافی مدد کی اور انہیں اپنے ٹیچر بابر چوہدری سے متعارف کروایا جنہوں نے ان کی رہنمائی کی۔

واضح رہے کہ صنم چوہدری نے رواں برس اگست میں انسٹاگرام سے اپنی تمام تصاویر ڈیلیٹ کردی تھیں، بعدازاں انہوں نے شوبز چھوڑنے کا اعلان کیا تھا۔

مزید خبریں :