دنیا
Time 16 دسمبر ، 2021

امریکی خاتون جج کے گھر کی ویڈیو سامنے آگئی، مستعفی ہونے کا مطالبہ

امریکی ریاست لوئزیانہ میں جج کے فرائض انجام دینے والی خاتون مشیل اوڈی نیٹ کی گھر کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی جس کے بعد ان سے مستعفی ہونے کا مطالبہ زور پکڑتا جارہا ہے۔

برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق لوئزیانہ کے مقامی عدالت کی جج مشیل اوڈی نیٹ کے گھر میں بنائی گئی ایک ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں پس پردہ ایک خاتون ہی آواز سنائی دے رہی ہے جو نسل پرستی پر مبنی جملے ادا کررہی ہیں۔

اس حوالے سے سامنے آنے والی ایک ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ گھر کے اندر سی سی ٹی وی کیمرے کی فوٹیج دیکھی جارہی ہے جس میں ایک سیاہ فام شخص کو کچھ لوگ دبوچ رہے ہیں۔ مبینہ طور پر یہ سی سی ٹی وی ویڈیو خاتون جج کے گھر کے باہر کی ہے اور سیاہ فام شخص کو چور کہا جارہا ہے۔

ویڈیو میں ایک خاتون کی آواز بھی سنائی دے رہی ہے جو کہہ رہی ہیں کہ ’وہاں ایک سیاہ فام ہے، وہاں ایک سیاہ فام ہے کاکروچ کی طرح۔‘

خاتون جج کے وکیل نے تصدیق کی ہے کہ ویڈیو میں آواز جج کی ہے اور انہوں نے نسل پرستانہ جملے کہے، ہم انہیں غیر اجرتی رخصت پر بھیجنے کیلئے درخواست دائر کریں گے۔

وکیل نے کہا کہ خاتون جج شرمندہ ہیں اور اپنے کیے پر معذرت خواہ ہیں کیوں کہ ان کے اس عمل سے برادری کو ٹھیس پہنچی، کل سے وہ چھٹیوں پر جارہی ہیں اور ان کے مستقبل کا فیصلہ آنے والے دنوں میں ہوگا۔

اس حوالے سے خود جج اوڈی نیٹ کا کہنا تھا کہ ’ویڈیو میں آواز میری ہی ہے، نقب زنی کی واردات دیکھ کر میں خوفزدہ ہوگئی تھی اور ذہنی صدمے میں تھی، مجھے یاد بھی نہیں کہ میں اس دوران کیا کہہ گئی، جو کوئی بھی مجھے اور میرے شوہر کو جانتا ہے وہ گواہی دے گا کہ میں اور میرے شوہر ایسی رائے نہیں رکھتے۔‘

انہوں نے کہا کہ ’میں آپ سب سے معذرت خواہ ہوں اور اس واقعے کے بعد کافی اداس ہوں۔‘

یہ واضح نہیں کہ ویڈیو کس نے ریلیز کی ہے البتہ ویڈیو میں ایک آواز MOM کہہ کر پکارنے کی بھی سنی جاسکتی ہے۔

پولیس کے مطابق 59 سالہ سیاہ فام شخص کو جج کے گھر میں موجود گاڑی کو چوری کرنے کے شبے میں گرفتار کیا گیا ہے۔ اس شخص کا کوئی کرمنل ریکارڈ نہیں اور وہ پہلی بار گرفتار ہوا ہے۔

مزید خبریں :