دنیا
Time 20 دسمبر ، 2021

فلپائن میں سمندری طوفان سے تباہی، 200 افراد ہلاک اور لاکھوں بے گھر

سمندری طوفان سے ایک ہفتے میں تقریباً پانچ لاکھ افراد بے گھر ہوچکے ہیں: میڈیا رپورٹس/ فوٹو اے پی
سمندری طوفان سے ایک ہفتے میں تقریباً پانچ لاکھ افراد بے گھر ہوچکے ہیں: میڈیا رپورٹس/ فوٹو اے پی

فلپائن میں انتہائی خطرناک سمندری طوفان ‘رائے’ نے تباہی مچادی جس سے ہلاکتوں کی تعداد 200 تک جا پہنچی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سمندری طوفان سے متاثر ہونے والے ساحلی علاقوں میں کام کرنے والے امدادی کارکنان نے طوفان سے مکمل تباہی اور 200 افراد کی ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ طوفان سے اسپتال، گھر اور اسکول بھی مکمل طور پر تباہ ہوچکے ہیں۔

پولیس کا کہنا ہےکہ گزشتہ ہفتے وسطی اور جنوبی صوبوں میں آنے والےطوفان کے نتیجے میں 200 سے زائد افراد ہلاک ہوئے ہیں جب کہ متعدد اب بھی لاپتا ہیں، پولیس نے متاثرہ علاقوں میں ریلیف آپریشن شروع کر رکھا ہے اور لوگوں کی محفوظ مقامات پر منتقلی جاری ہے۔

میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہےکہ سمندری طوفان سے ایک ہفتے میں تقریباً پانچ لاکھ افراد بے گھر ہوچکے ہیں جب کہ طوفان نے کئی صوبوں اور جزیروں کو مکمل تباہ کردیا ہے جس کی وجہ سے پینے کے پانی اور خوراک کی قلت کا بھی سامنا ہے، متاثرہ علاقوں میں کوسٹ گارڈ اور بحریہ کے اہلکار کشتیوں کے ذریعے خوراک کی فراہمی یقینی بنارہے ہیں جب کہ کشتیوں میں سوار طبی عملہ لوگوں کو طبی امداد فراہم کررہا ہے۔

رپورٹس کے مطابق فلپائن کے صدر نے متاثرہ علاقوں کی بحالی کے لیے 40 ملین ڈالرز کا فنڈ قائم کرنے کا اعلان کیا ہے تاہم بروقت حکومتی امداد نہ پہنچنے پرعوام شدید اشتعال میں ہیں۔

مزید خبریں :