جیا بچن رکن پارلیمنٹ کی جانب سے ذاتی حملے کرنے پر برس پڑیں

جیا بچن ساتھی رکن پارلیمنٹ کی جانب سے ذاتی حملےکرنے پر آپے سے باہر ہوگئیں۔ —فوٹو: بھارتی میڈیا
جیا بچن ساتھی رکن پارلیمنٹ کی جانب سے ذاتی حملےکرنے پر آپے سے باہر ہوگئیں۔ —فوٹو: بھارتی میڈیا

بالی وڈ اداکارہ اور سماج وادی پارٹی کی رکن پارلیمنٹ جیا بچن  ساتھی رکن کی جانب سے ذاتی حملےکرنے پر  آپے سے باہر ہوگئیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق پیر کو راجیہ سبھا(پارلیمنٹ ) میں  بھوبا نیسور کلیتا کی صدارت میں اجلاس منعقد ہواجس میں  نارکوٹک ڈرگس اینڈ سائیکو ٹراپک سبسٹینسس ترمیمی بل 2021  پر بحث  کی گئی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بحث کے دوران ساتھی رکن نے جیا بچن پر مبینہ ذاتی تبصرہ کیا جس پر وہ غصے میں آگئیں۔

رپورٹس کے مطابق جیا بچن نے اجلاس کی صدارت کرنے والے بھوبا نیسور کو  اپوزیشن کی بات نہ سننے پر تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ  غیر جانبدار رہیں اور کسی پارٹی کا ساتھ نہ دیں۔

جیا نےبھوبا نیسور  سے درخواست  کی کہ' وہ اس تبصرے پر ایکشن لیں جو ساتھی رکن نے میرے اور میرے کیریئر پر کیا' ۔

جس پر بھوبا نیسور نے جیا پر زور دیا کہ وہ زیر بحث  بل پر بات کریں اس کے علاوہ انہوں نے اعلان کیا کہ اجلاس کے دوران غیر مناسب ریمارکس کو ریکارڈ سے ہٹادیا جائے گا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق  اجلاس کے بعد جیا بچن نے کہا کہ وہ کسی پر کوئی ذاتی تبصرہ نہیں کرنا چاہتیں لیکن جو ہوا وہ انتہائی افسوسناک تھا۔

مزید خبریں :