کاروبار
Time 21 دسمبر ، 2021

850CC تک کی گاڑیوں پر ٹیکس چھوٹ کی تجویز، نئی آٹو پالیسی کابینہ سے منظور

وفاقی کابینہ نے نئی آٹو پالیسی کی منظوری دے دی جس میں 850 سی سی تک کی گاڑیوں پر ٹیکس چھوٹ کی تجویز پیش کی گئی ہے۔

نئی پانچ سالہ 26- 2021  آٹو پالیسی وفاقی کابینہ میں پیش کی گئی  جس میں 850 سی سی تک کی گاڑیوں پر ٹیکس چھوٹ، ایڈیشنل کسٹمز  ڈیوٹی ختم کرنے، مقامی طور  پر تیار کردہ گاڑیوں پر ایکسائز ڈیوٹی ختم کرنے اور کار ساز کمپنیوں کو 2026  تک 10 فیصد برآمدات کا ہدف دینے کی تجاویز شامل ہیں۔

ذرائع کے مطابق نئی آٹو پالیسی میں چھوٹی گاڑیوں پر ود ہولڈنگ ٹیکس بھی ختم کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ ٹیکس چھوٹ کا اطلاق چھوٹی درآمدی گاڑیوں پر بھی کرنے کی تجویز ہے۔

ذرائع کے مطابق درآمدی گاڑیوں پر ٹیکس چھوٹ پر ہر سال نظر ثانی کی جائے گی۔ نئی آٹو پالیسی کے تحت کار ساز کمپنیوں کو 2026  تک 10 فیصد برآمدات کا ہدف دینے کی تجویز ہے ۔

کار ساز کمپنیوں کیلئے آئندہ سال میں 2 فیصد، 2024 میں 4 فیصد اور 2025 میں7 فیصد گاڑیاں برآمد کرنے کا ہدف تجویز کیا گیا ہے۔گاڑیوں اور اسپیئر پارٹس کی برآمدات بڑھانے کیلئے اقدامات بھی تجویز کیے گئے ہیں۔

گاڑیوں اور اسپیئر پارٹس کی برآمدات کے لیے ٹیکس مراعات اور وزارت تجارت کو بیرون ممالک کے ساتھ مذاکرات کی ذمہ داری دینے کی تجویز بھی دی گئی ہے۔

مزید خبریں :