پاکستان
Time 24 دسمبر ، 2021

پرویز خٹک کے بیٹے اسحاق خٹک کے حلقے کے حتمی نتائج روک دیے گئے

خیبرپختونخوا کے بلدیاتی انتخابات میں تحصیل نوشہرہ اور جہانگیرہ کے بلدیاتی حتمی نتائج روک دیے گئے۔

ڈی آر او میر رضا کے مطابق تحصیل نوشہرہ کے پہاڑی کٹی خیل میں خواتین کے ایک بوتھ پر دوبارہ پولنگ ہوگی جبکہ جہانگیرہ کے میرہ مصری بانڈہ مانیری کورونہ میں خواتین کے پولنگ اسٹیشن پر دوبارہ پولنگ ہوگی۔

ڈی آراو کا کہنا ہے کہ ان اسٹیشنز  پر پولنگ کے دن حملہ آوروں نے ووٹ ضائع کرکے جلا دیے تھے۔

وزیر دفاع پرویز خٹک کے بیٹے اسحاق خٹک نے نوشہرہ کی تحصیل کونسل چیئرمین کی نشست پر کامیابی حاصل کی تھی۔

جہانگیرہ میں بھی پی ٹی آئی کے کامران رزاق کامیاب ہوئے تھے۔

خیال رہے کہ تحصیل نوشہرہ کے انتخاب میں وزیر دفاع پرویز خٹک کے بیٹے اسحاق خان کامیاب قرار پائے تھے جبکہ جمعیت علمائے اسلام کے امیدوار حاکم علی دوسرے نمبر پر رہے۔

مزید خبریں :