دنیا
Time 07 جنوری ، 2022

خاتون کے بال کاٹنے کے دوران سر پر تھوکنے والے ہیئر اسٹائلسٹ کا مؤقف سامنے آگیا

خاتون کے بال کاٹنے کے دوران ان کےسر پر تھوکنے والے ہیئر اسٹائلسٹ جاوید حبیب کا سوشل میڈیا صارفین کی تنقید کے بعد مؤقف سامنے آگیا۔

جاوید حبیب نےایک ویڈیو پیغام میں تربیتی سیمینار میں خاتون کے بال کاٹنے کے دوران ان کے سر پر تھوکنے کے اپنے عمل پر معافی مانگ لی۔

انہوں نے کہا کہ 'ہمارے جو سیمینار ہوتے ہیں وہ پروفیشنل اور کافی لمبے دورانیے کے ہوتے ہیں، اس میں ہمارے شعبے سے وابستہ لوگ شرکت  کرتے ہیں اس لیے اسے تھوڑا مزاحیہ بنانا پڑتا ہے'۔

جاوید حبیب نے کہا کہ' لیکن پھر بھی میرے عمل سے کچھ لوگوں کو دکھ پہنچا ہے ان سے میں دل سے معافی مانگتا ہوں'۔

معاملہ کیا تھا؟

جمعرات کے روز ٹوئٹر پر ایک ویڈیو ٹرینڈ کی جس میں بھارت کے مشہور ہیئر اسٹائلسٹ جاوید حبیب خاتون کے بال کاٹنےکے دوران ان کے سر پر تھوکتے ہوئے نظر آئے۔

رپورٹس کے مطابق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیو اتر پردیش کے مظفر نگر میں ایک تربیتی سیمینار کے دوران ریکارڈ کی گئی جس میں ہیئر اسٹائلسٹ جاوید حبیب کا خاتون کے بال کاٹتے ہوئے کہنا تھا کہ 'دیکھو بال گندے ہیں،کیونکہ شیمپو نہیں کیا، دھیان سے سنو اگر پانی کی کمی ہو تو تو یہ کہہ کر جاوید نے خاتون کے سر پر تھوک دیا اور کہا کہ اس میں بہت جان ہے'۔

جاوید کے اس عمل پر سیمینار میں موجود خواتین نے تالیاں تو بجائیں لیکن بال کٹوانے والی خاتون بظاہر غصے میں تھیں۔

دوسری جانب سوشل میڈیا صارفین  نے ہیئر اسٹائلسٹ کے اس عمل پر انہیں تنقید کا نشانہ بنا یا تھا۔

مزید خبریں :