دی کراؤن: سکینہ سموں کی ہمایوں پر سخت تنقید، فواد کو سیریز کیلئے بہتر قرار دیدیا

ہمارے اندر اتنی نفرت کیوں ہے: احمد علی بٹ—فوٹو فائل
ہمارے اندر اتنی نفرت کیوں ہے: احمد علی بٹ—فوٹو فائل

سینئر اداکارہ سکینہ سموں نے ہمایوں سعید کو نیٹ فلکس سیریز دی کراؤن کے لیے منتخب کیے جانے پر شدید تنقید کی ہے۔

دو روز قبل جب یہ خبر سامنے آئی کہ پاکستان شوبز انڈسٹری کے سینئر اداکار ہمایوں سعید شاہی خاندان پر بننے والی سیریز دی کراؤن کے پانچویں سیزن میں ڈاکٹر حسنات کا کردار نبھائیں گے تو انڈسٹری سے منسلک اداکاروں سمیت مداحوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔

پاکستان کو یہ اعزاز ملنے پر سوشل میڈیا پر شاز و نادر ہی کوئی صارف دکھائی دیا ہوگا جس نے اس حوالے سے منفی تبصرہ کیا ہو لیکن اداکارہ سکینہ سموں کی جانب سے کی جانے والی ٹوئٹس وائرل ہوگئیں جس پر ناصرف صارفین نے افسوس کا اظہار کیا بلکہ اداکار احمد علی بٹ نے بھی سکینہ سموں کے رویے کو غلط قرار دیا۔

سکینہ سموں کے اعتراضات کے حامل ٹوئٹ پر ایک صارف نے جمائما گولڈ اسمتھ کو ہمایوں سعید کو کاسٹ کیے جانے کا کریڈٹ دیا تو اداکارہ نے جواب دیا کہ مجھے نہیں لگتا کہ اس کا کوئی کریڈٹ جاتا ہے، انہوں نے اس خاص کردار کے لیے کم از کم 4 دیگر پاکستانی اداکاروں کا بھی آڈیشن کیا ہوگا، یہ ایک عام آڈیشن تھا۔

سکینہ سموں کی کچھ دیگر ٹوئٹس بھی وائرل ہوئیں جس میں انہوں نے کہا کہ ہمایوں سعید ڈاکٹر حسنات سے مماثلت نہیں رکھتے، فواد خان اس کردار کے لیے بہترین تھے۔

اس کے علاوہ سکینہ سموں کی ایک اور ٹوئٹ منظرِ عام پر آئی جس میں اعلان کیا گیا کہ وہ دی کراؤن کا بائیکاٹ کریں گی اور یہ سیریز نہیں دیکھیں گی جس پر احمد علی بٹ نے اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ ہم لوگ کسی دوسرے کی خوشی میں کیوں نہیں خوش ہوتے؟

فوٹو: اسکرین گریب
فوٹو: اسکرین گریب

احمد نے مزید لکھا کہ ہمارے اندر اتنی نفرت کیوں ہے، دوسروں کی کامیابیوں کو کیوں نہیں سراہتے۔

انہوں نے اداکارہ کی ٹوئٹ شیئر کی اور دعا کی کہ دوسروں کو سراہنے اور ان کی تعریف کرنے کے لیے اللہ ہمارے دلوں کو نرم کرے۔

مزید خبریں :