کھیل
Time 12 جنوری ، 2022

دانش کنیریا کی ڈومیسٹک اور لیگ کرکٹ میں کوچنگ کی اجازت کی درخواست مسترد

سندھ ہائیکورٹ کے دو رکنی بینچ نے دانش کنیریا کی درخواست پر فیصلہ سنایا۔ فوٹو: فائل
سندھ ہائیکورٹ کے دو رکنی بینچ نے دانش کنیریا کی درخواست پر فیصلہ سنایا۔ فوٹو: فائل

کراچی: سندھ ہائیکورٹ نے سابق ٹیسٹ کرکٹر دانش کنیریا کی ڈومیسٹک اور لیگ کرکٹ میں کوچنگ کی اجازت دینے کی درخواست مسترد کر دی۔

چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ احمد علی شیخ کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے دانش کنیریا کی درخواست پر سماعت کی۔

وکیل درخواست گزار کا کہنا تھا کہ دانش کنیریا کو پی سی بی بحالی پروگرام میں شامل ہونے کی اجازت دی جائے۔

وکیل پی سی بی کا کہنا تھا کہ دانش کنیریا پر انگلش کاؤنٹی کلب نے پابندی لگائی ہے، دانش کنیریا پر عمر بھر کیلئے پابندی لگائی گئی ہے۔

پی سی بی کے وکیل کا کہنا تھا کہ انگلینڈ کی عدالت نے بھی دانش کنیریا کی اپیل مسترد کی تھی، سابق کرکٹر پر اسپاٹ فکسنگ کا الزام ہے۔

وکیل دانش کنیریا کا کہنا تھا کہ کرکٹر نے اسپاٹ فکسنگ نہیں کی، صرف میٹنگ کروائی تھی جسے وہ قبول بھی کر چکے ہیں۔

وکیل درخواست گزار کا کہنا تھا کہ فکسنگ کرنے والوں کو کھیلنے کی اجازت مل گئی ہے لہذا دانش کنیریا کو بھی ڈومیسٹک میچز  میں کوچنگ کی اجازت دی جائے۔

سندھ ہائیکورٹ نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد دانش کنیریا کی ڈومیسٹک اور لیگ کرکٹ میں کوچنگ کی اجازت دینے کی درخواست مسترد کر دی۔

مزید خبریں :